بجلی ،گھی مہنگا

بجلی ،گھی مہنگا،چینی آٹا سستا ،کھاد سستی کرنے کا نوٹیفکیشن واپس، پرانی قیمت بحال

ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل کی فی کلو قیمت میں 208 اور 213 روپے تک کا اضافہ ہوگیا جبکہ حکومت نے کھاد سستی کرنے کافیصلہ واپس لے لیا ۔دوسری طرف بجلی بھی 3روپے 99پیسے فی یونٹ مہنگی جبکہ ایل پی جی 13روپے فی کلو سستی ہو گئی ہے۔آٹے اور چینی کی قیمتوں پر رمضان پیکیج کی سبسڈی برقرار رہے گی، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق گھی کی فی کلو قیمت میں 208 روپے، مختلف برانڈ کے کوکنگ آئل کی فی لٹر قیمت میں 213 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گھی کی فی کلو قیمت 555 روپے اور کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت 605 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ادھرحکومت نے کھاد کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا، اعلامیے کے مطابق کھاد کی قیمت مقررکرنے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا اطلاق فوری ہوگا اور کھاد کی قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کیلئے ایس آر او جاری کردیا۔ اعلامیے میں کہنا ہے کہ کھاد کے 50 کلو تھیلے کی ریٹیل قیمت 1768روپے مقرر کی گئی تھی جس کا اطلاق فوری طور پر اور 7 جولائی 2022 تک کیا گیا تھا۔حکومت نے گزشتہ ہفتے کھاد کی قیمت میں 389 روپے تک کمی کی تھی۔ دوسری طرف نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی جس کے نتیجے میں صارفین پر 51 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا۔ بجلی کمپنیوں نے قیمت میں 4 روپے5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔علاوہ ازیں حکومت نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے کمی کردی ہے جس کے بعدگھریلو سلنڈر 2581 روپے اور کمرشل سلنڈرکی نئی قیمت 9931 روپے ہوگئی ہے۔علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے،چینی اور دالوں کی قیمت پر سبسڈی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 20کلو آٹے کا تھیلا 800روپے میں دستیاب ہو گا جبکہ چینی 70روپے کلو ملے گی۔

مزید دیکھیں :   آرمی چیف کا قطر کا دورہ، قطری امیر اور نائب وزیراعظم سےملاقات