حرام آمدنی والے کی دعوت قبول کرنا

سوال: میزبان کی آمدنی حرام ہو تو مہمان کے لیے وہاں کھانا پینا جائز ہے یا نہیں ؟ اگر مجبوراً کھانا پڑے تو اب کیا کرے؟

جواب: اگر میزبان کا مال حرام، مال حلال سے الگ و ممتاز ہو لیکن مہمان کو معلوم نہ ہو کہ وہ حلال مال سے کھلا رہا ہے یا حرام سے؟ تو ایسی صورت میں غالب کا اعتبار ہو گا۔ اگر غالب اور زیادہ مال حلال ہو تو وہاں پر کھانا پینا جائز ہے۔ اگر غالب مال حرام ہے تو کھانا پینا جائز نہیں۔ اور اگر میزبان کا مال مخلوط ہو تو بقدر حلال مال اس کا کھانا جائز ہے ۔ اگر خود میزبان صراحت کر دے کہ وہ حلال مال سے کھلا رہا ہے تو اس کی بات پر اعتبار کر کے کھانا پینا جائز ہے۔ جس صورت میں کھانا جائز نہیں ہے اگر اس صورت میں کسی نے کچھ کھا پی لیا تو توبہ استغفار کے ساتھ ساتھ کھائے ہوئی خوراک کے بقدر مال صدقہ کر دے۔ (فقہ البیوع جلد 2ص 1038، المبحث العاشر ، القسم الثالث الصورۃ الرابعہ)