پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں بھی پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 53 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرلیا ہے
پاکستان کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 270 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 37.2 اوورز میں 216 رنز پر آئوٹ ہو گئی، تیسرے ون ڈے میچ کے دوران طوفانی ہوائوں کے باعث کھیل کچھ دیر روکنا پڑا جس کے باعث میچ کو 48، 48 اوورز تک محدود کردیا گیا،
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ٹیم 48 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی، پاکستان کی جانب سے ایک بار امام الحق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ آرڈر میں 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان نے مڈل آرڈر میں آکر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 86 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کے سکور کو 269 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا،
فخر زمان 35 اور خوشدل شاہ 34 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی، بابر اعظم ایک سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکلولس پورن نے چار، کیمو پال نے دو جبکہ جیڈن سیلز، ہیڈن والش اور عقیل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز عقیل حسین رہے جنہوں نے 60رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے چار، حسن علی اور محمد نواز نے دو دو جبکہ شاہنواز دھانی اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔