12سالہ بھانجی ذبح

ماموں نے 12سالہ بھانجی کوخاتون کی مددسے ذبح کیا

ویب ڈیسک :پشتہ خرہ کے علاقے شہید آباد میں 12سالہ بچی حنا کو ماموں نے اپنی خاتون دوست کی مدد سے قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ دونوں ملزموں نے اپنے تعلقات چھپانے کیلئے معصوم بچی کی جان لی جسے گھر کے اندر منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم فرار ہوگیا۔
پیر کے روز شہیدآباد سے جھاڑیوں میں 12سالہ بچی کی نعش برآمد ہوئی تھی جس کی بعد میں شناخت حنا دختر آ صف خان سکنہ راولپنڈی حال سفید ڈھیری کے نام سے ہوئی۔ بچی کو سفاک قاتلو ں نے چھری سے ذبح کرکے نعش پھینک دی تھی ۔ پولیس کے مطابق دوران تفتیش انہیں سراغ ملا کہ بچی کو اپنے ماموں نے ایک خاتون کے ساتھ مل کر قتل کیا ہے ۔ بچی کو شہید آباد امید آباد میں نصرت نامی خاتون کے گھر لے جاکر ذبح کیا ہے ۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بھی معلوم ہوا کہ ملزم ماموں بچی کو اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ نصرت نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلقات تھے ۔ مقتولہ بچی کو دونوں کے درمیان ناجائز تعلقات کا پتہ چل گیا تھا جس پر انہوں نے اس کے قتل کی منصوبہ بندی کی ۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر لیا جبکہ بچی کے ماموں کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے ۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی مظالم، کولمبیا یونیورسٹی کے طلبہ کا احتجاج دیگر جامعات تک پھیل گیا