یوتھ آف وزیرستان کے4 نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ پرسوگ

میرانشاہ( بیورو رپورٹ)یوتھ آف وزیرستان کے چار نوجوان رہنمائوں کی ٹارگٹ کلنگ پر دوسرے روز بھی سوگ کامنظررہااورتدفین کے وقت رقت آمیزمناظر دیکھنے کوملے ۔

نماز جنازہ میں ممبر قومی اسمبلی اور نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے چئیرمین محسن داوڑ اور پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین سمیت علاقے کے عمائدین و عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

چاروں نوجوانوں کی تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا رہا۔ جنازے کی ادائیگی کے بعد علاقے کے عمائدین و عوام نے میرعلی کے جامع مسجد بلال میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد کیا جس میں مقامی مشران اور سیاسی رہنمائوں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں جاری ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔

مزید پڑھیں:  بجلی چوری اور اوور بلنگ، ایف ائی اے کی چھاپہ مار ٹیموں کی سیکورٹی کا مطالبہ

جرگے کے شرکا نے تجویز پیش کی کہ علاقہ کے تمام علما اور مشران اکٹھے ہو کر ٹارگٹ کلنگ اور بدمنی کے بارے میں ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرکے حکومت کو پیش کریں۔ دریں اثنا چاروں سماجی ورکرز کے قتل کے خلاف لاہور ، اسلام آباد، پشاور اور بنوں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں جبکہ پشاور یونیورسٹی میں وزیرستان اور دیگر علاقوں کے طلبا نے وزیرستان سٹوڈنٹس سوسائٹی کے زیر اہتمام مقتولین کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ڈی آئی خان فائرنگ کی مذمت