افغانستان میں6.1شدت کا زلزل

افغانستان میں6.1شدت کا زلزلہ، 950سے زائد افراد ہلاک

ویب ویسک :افغانستان کے مشرقی علاقوں میں آنے والے 6.1 شدت کے زلزلے میں کم از کم 950 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب آنے والے زلزلے نے پاکستان اور افغانستان کے گنجان آبادی والے علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 تھی اور اس کا مرکز خوست شہر سے 44 کلومیٹر دور تھا جبکہ اس کی گہرائی 51کلومیٹر تھی۔

ایک افغان سرکاری عہدیدار نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد 950 سے تجاوز کر چکی ہے اور اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے
۔افغانستان کے مشرقی علاقوں میں زلزلے کے بعد مکانات کی بڑی تعداد ملبے کا ڈھیر بن گئی۔زلزلے کے جھٹکے پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے لیکن کسی قسم کے نقصان یا اموات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں:  بابر اعظم کو ایک بار پھر کپتان قومی ٹیم بنائے جانے کا امکان

یورپیئن میڈیٹیرین سیسمولوجیکل سینٹر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان، بھارت اور افغانستان میں 500 کلومیٹر کے رقبے پر 11کروڑ افراد نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے۔طالبان کے کنٹرول کے بعد افغانستان میں پہلے انسانی بحران درپیش ہے جبکہ امریکا سمیت مغربی ممالک نے افغانستان کے اثاثے منجمد کر رکھے ہیں۔

افغانستان میں زلزلے اکثر محسوس کیے جاتے ہیں، خاص کر کوہ ہندوکش کے سلسلہ زلزلوں کا مرکز ہے، جو یوریشین اور برصغیر کے زمینی پلیٹس کے ملاپ کے قریب واقع ہے۔

مزید پڑھیں:  پاک افغان وزراء کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

زلزلوں سے بحران زدہ افغانستان کے کچے مکانات اور عمارتوں کو بری طرح نقصان پہنچانے کا خدشہ ہے۔یاد رہے کہ افغانستان اور پڑوسی ممالک میں 2015 میں 7.5 شدت کا بدترین زلزلہ آیا تھا جہاں 280 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور اس کے اثرات پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے تھے اور متعدد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔مذکورہ زلزلے میں اسکول کی 12 لڑکیاں بھی اسکول سے باہر نکلنے کی کوشش کے دوران بھگدڑ مچنے سے جاں بحق ہو گئی تھیں