وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد: (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملکی سلامتی اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکیورٹی صورتحال اور کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عسکری وسیاسی قیادت شریک ہوئی۔ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کیلئے اِن کیمرہ اجلاس بلایا جائےگا۔ پارلیمنٹ کی اونرشپ سے کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کو آگے بڑھایا جائےگا، امن کیلئے مذاکرات کریں گے اور آئین کے تحت ہوں گے۔
وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ عمران خان کا احتساب اور سازش کا بیانیہ بری طرح ناکام ہوا۔ اب عمران خان نے نیب ترامیم کا شوشہ چھوڑ دیا ہے، نیب قانون میں ترامیم کے بعد اب90 دن کا ریمانڈ نہیں ہوگا، اِن ترامیم سے زیادہ فائدہ پی ٹی آئی والوں کو ہوگا۔ عمران خان پر عدم اعتماد اُن کے اپنے ساتھیوں اور اتحادیوں نے کیا تھا۔ ساڑھے3 سال میں شہبازشریف کیخلاف کچھ ثابت نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں:  ججز کا تحفظ یقینی بنایا جائے، عدلیہ میں مداخلت کی مذمت کرتے ہیں، بیرسٹر گوہر