خیبر میڈیکل یونیورسٹی کابل میں کیمپس قائم کرے گی

پشاور(مشرق نیوز)خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاورنے افغان دارلحکومت کابل میں آف شور کیمپس کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔کے ایم یو کو کابل میں کیمپس کھولنے کی دعوت افغانستان کی حکومت کی جانب سے دی گئی ہے۔

یہ دعوت کے ایم یوپشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیائ الحق کی قیادت میں کے ایم یو کے نمائندہ وفد جوکہ پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر لعل محمد خٹک،ممتاز سرجن ڈاکٹر مشتاق، ڈاکٹر وقار اور ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پروٹوکول عالمگیر آفریدی پر مشتمل تھا کے حالیہ دورہ کابل کے موقع پر افغانستان کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے دوران دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رشوت پر ایم پی اے کا سرپرائز وزٹ

تفصیلات کے مطابق کے ایم یویہ کیمپس ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی آف شور کیمپس کے قیام کی پالیسی اور گائیڈ لائنز کی روشنی میں ایچ ای سی اور وزارت خارجہ کی منظوری سے قائم کرے گا جس کےلئے عمارت افغان حکومت کی جانب سے فراہم کی جائے گی جب کہ تدریسی اور انتظامی لوازمات کے ایم یو فراہم کرے گی۔ابتدائی معلومات کے مطابق کے ایم یو نے افغان حکومت کومجوزہ کیمپس کے قیام کےلئے تین درجاتی منصوبہ پیش کیا ہے جس پر بتدریج عمل درآمد کیاجائے گا۔

اس منصوبے کے تحت پہلا مرحلہ بی ایس پروگرامات پر مشتمل ہوگا جس میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے 12شعبوں کے علاوہ نرسنگ، فزیو تھراپی،پبلک ہیلتھ،ویږن سائنسز،نیوٹریشن اور فارمیسی کے پروگرامات شامل ہوں گے۔دوسرے مرحلے میں مختلف کلینیکل مضامین میں ایم ایس،ایم ڈی اور ڈپلومہ کورسز کاآغاز کیاجائے گا جب کہ تیسرا مرحلہ ایم بی بی ایس،بی ڈی ایس اور مختلف ڈپلومہ اور شارٹ کورسز کے پروگرامات پر مشتمل ہوگا۔یاد رہے کہ کے ایم یو کابل کیمپس کے قیام کا مقصد افغان طلبہ کو ان کی دہلیز پر طبی تعلیم کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم وتربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:  رفح پر حملے کی مشاورت، نیتن یاہو اسرائیلی وفد امریکہ جانے کو تیار