مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، وزیراعظم شہبازشریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
کراچی میں نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی دفاع مضبوط بنانے پر قوم کو مسلح افواج پر فخر ہے، پاکستان کی مسلح افواج ہرخطرے سے نمٹنےکیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم مفادات کے تحفظ کے لیے بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا اولین ترجیح ہے، دوست ممالک سے مشترکہ منصوبے اس کی صلاحیت میں اضافے کا باعث بنیں گے۔ حکومت پاک بحریہ کو تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی، پر امن ماحول میں ہی ترقی کا حصول ممکن ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کراچی میں نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ شہباز شریف نے کمیشن حاص کرنےوالے کیڈٹس اور مڈشپ مین کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے آج کمشننگ پریڈ میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں، یقین ہے خواتین کیڈٹس کی کمشننگ ملک کی دیگر خواتین کیلئے مشعل راہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی دوست ملکوں کےکیڈٹس کو بھی بہترین تربیت فراہم کررہی ہے دوست ممالک کے یہ کیڈٹس پاکستان کےسفیر کا کردار ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، 71 ہزار پوائنٹس کی حد عبور