جے یوآئی

جے یوآئی نے عام انتخابات کی تیاری شروع کردی

پشاور(خصوصی رپورٹر)خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں توقع سے زیادہ نشستیں جیتنے کے بعد جمعیت علما اسلام (ف)کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے آنےوالے عام انتخابات کےلئے حکمت عملی تیار کرنے کا عمل شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق جمعیت علما اسلام سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات کے حوالے سے خیبر پختونخوا پر فوکس کر رکھا ہے اس سلسلے میں انہوں نے ابھی سے اپنے قریبی ساتھی اور صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی اور جے یو آئی صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان کےساتھ مشاورت کرکے حکمت عملی کی تیاری کاعمل جاری رکھا ہوا ہے ۔

مزید پڑھیں:  چاول کی کھیپ میں کیڑے کی نشاندہی، روس کا پاکستان کو انتباہ جاری

ذرائع کے مطابق جنوبی اضلاع کے بعد جے یو آئی کی قیادت نے مالاکنڈ ، مردان ، پشاور اور ہزارہ میں جماعتی سرگرمیاں تیز کردی ہےں جس کا واضح ثبوت لوکل گورنمنٹ الیکشن میں ان علاقوں میں جے یو آئی کے امیدواروں کابڑی تعداد میں الیکشن میں حصہ لینا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی کی قیادت بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے بعد خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے مقابلے میں جے یو آئی کو واحد جماعت تصور کررہی ہے ۔جے یوآئی کے ایک رہنما کے مطابق جماعت کی مرکزی اور صوبائی قیادت اس بات پر متفق ہے کہ آنے والے عام انتخابات میں جمعیت تحریک انصاف کے علاوہ صوبے کی تمام دیگر سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے۔

مزید پڑھیں:  ٹیکس کیسز میں التوا پر وزیراعظم برہم، متعلقہ افسران معطل، انکوائری کا حکم