1 8

جماعت اسلامی خواتین کی کشمیرریلی،مودی سرکارکے خلاف نعرے

پشاور( وقائع نگار) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع پشاور کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے مارچ پشاور پریس کلب کے سامنے کیا گیا جس کی قیادت سابق رکن قومی اسمبلی عنایت بیگم ، ممبر صوبائی اسمبلی حمیر ا بشیر اور ناظم حلقہ خواتین ضلع پشاور یاسمین بانو نے کی ۔ کشمیر مارچ میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی ۔ کشمیر مارچ سے امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن ، جنرل سیکرٹری قاری احمد سعید نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 185روز سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون ہے۔ سخت سردی کے باعث کرفیو میں کسی بھی قسم کی کوئی نرمی نہیں کی گئی۔ بھارت نے اپنی حد پار کرچکا ہے۔ مودی سرکار آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر مسلم اقلیت کو نشانہ بنا رہی ہے۔ سیکولر بھارت کا گھنائونا چہرہ دنیا کے سامنے آچکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جہاں سے پانچوں دریا نکلتے ہیں اور پاکستان کی سرزمین کو سیراب کرتے ہیں۔ اس کو دشمن کے قبضے میں دینا خودکشی کے مترادف ہے۔ مودی دنیا کا خطرناک ترین دہشت گرد ہے۔ اس نے گجرات میں 2ہزار سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا اور ان کی اربوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچایا تھا، وہ آج بھی بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی زندگی عذاب بنائے ہوئے ہے ۔ انسانیت کے علمبردار ممالک اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ عالمی ضمیر مسلمانوں کے معاملے میں مردہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک جماعت اسلامی اپنی سفارتی اور سیاسی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں:  پشاور، رمضان المبارک میں ہر گزرتے دن کیساتھ مہنگائی میں اضافہ، عوام خوار