عمران خان

ضمنی الیکشن میں چوروں اور لوٹوں کو شکست دیں گے،عمران خان

لاہور: (مشرق نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں صرف20 حلقوں کا نہیں بلکہ یہ پورے پاکستان کا الیکشن ہے۔ گھر گھر پیغام پہنچانا ہے اور اِن لوٹوں کو شکست سے دوچار کرانا ہے۔

عمران خان نے لاہور کے مختلف حلقوں میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت ناجائز اور امپورٹڈ ہے۔ بیرونی سازش کے ذریعے چوروں کے ٹولے کو مسلط کیا گیا، اِن کو شکست دینا ہم سب پر فرض ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ لوگ ساڑھے3 سال کہتے رہے عمران خان نے مہنگائی کردی ہے۔2 ماہ میں جو مہنگائی ہوئی ہے وہ ساڑھے3 سالوں میں نہیں ہوئی۔ ابھی مزید مہنگائی آئے گی، آئی ایم ایف کے کہنے پر ٹیکسز لگائے جارہے ہیں۔

حکومت نے کم تنخواہ والوں پر بھی ٹیکس لگادیا ہے۔ امریکا چاہتا تھا ایسی حکومت آئے جو اُن کی غلامی کرے۔ امریکا کے غلام آئی ایم ایف کے کہنے پر مزید مہنگائی کریں گے۔ اِن کا مقصد اقتدار میں آکر این آراو ٹو لینا تھا، این آراو ٹو لے کر1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کردیے ہیں، اگر چوروں کو مسلط رکھا تو اِس ملک کا کوئی مستقبل نہیں رہےگا۔

مزید دیکھیں :   ایم کیو ایم وفد کی سابق صدر سے ملاقات، بلدیاتی انتخابات پر تبادلہ خیال

عمران خان نے مزید کہا کہ لوٹوں اور ضمیر فروشوں نے ملک،آئین اور پارٹی سے غداری کی۔ قوم سازش کرنے والے غداروں کو کبھی معاف نہیں کرےگی۔ عوام ہمارے ساتھ ہے، یہ لوگ صرف امپائر کو ساتھ ملا کر ہی الیکشن جیت سکتے ہیں۔

ہم جانتے ہیں کون کون اِن کے ساتھ ملا ہوا ہے، امپائر ساتھ ہونے کے باوجود اِن چوروں کو شکست دینی ہے۔ پوری قوم الیکشن کمیشن اور پنجاب پولیس کی طرف دیکھ رہی ہے، الیکشن کمیشن مکمل طور پر جانبدار ہے، الیکشن کمیشن کا جو رویہ ہے اُس پر کسی کو اعتماد نہیں۔

پارٹی ورکرز گھر گھر پیغام پہنچائیں، عوام نکلیں اور ضمنی الیکشن میں اِن چوروں اور لوٹوں کو شکست سے دوچار کریں۔