کورونا ماسک پہننا لازمی قرار

کورونا کے پیش نظر ملک بھر میں دورانِ سفر ماسک پہننا لازمی قرار

ویب ڈیسک :ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث دو افراد انتقال کرگئے جب کہ کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.85 فی صد پہنچ گئی جس پر ملک بھر میں سفر کے دوران ماسک کو لازمی قرار دے دیا گیا۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 382 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جبکہ انتہائی نگہداشت میں زیر علاج کورونا کے مریضوں کی تعداد 87 پہنچ گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 13 ہزار 412 ٹیسٹ کیے گئے۔
سندھ میں کورونا مثبت کیسز کی مجموعی شرح 6.17 فی صد رہی، کے پی میں 1.15 فی صد، پنجاب میں 1.17 فی صد اور آزاد کشمیر میں 2.94 فی صد رہی۔کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 22.65 فی صد، حیدرآباد میں 0.32 فی صد، مردان میں 2.44 فی صد، اسلام آباد میں 2.31 فی صد، لاہور میں 2.76 فی صد، پشاور میں 3 فی صد، راولپنڈی میں 1.05 فی صد، سرگودھا میں 1.64 فی صد، مظفرآباد میں 6.25 فی صد، ایبٹ آباد میں 4.17 فی صد اور نوشہرہ میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5 فی صد ریکارڈ ہوئی۔
دریں اثنا ملک کے کچھ شہروں میں کووڈ کے کیسز میں معمولی اضافے کو دیکھتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک کے اندر تمام ڈومیسٹک پروازوں، ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کیدوران ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔این سی او سی نے کہا ہے کہ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ سفر کے دوران ماسک کا استعمال لازمی کریں تا کہ کووڈ سے محفوظ رہیں۔

مزید پڑھیں:  جمرود میں مکان پر چھاپہ ،فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی،1شخص جاں بحق