نیوزی لینڈ میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پر مسرور ہوں،بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں شیڈول سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرنے پر بہت مسرور ہیں کیونکہ یہ سیریز آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔بابر اعظم نے کہا کہ وہ ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے آخری دورہ نیوزی لینڈ میں کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے، لہذا وہ دو مضبوط ٹیموں کے خلاف ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں سیریز کھیلنے کے منتظر ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے بعد 4 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ روانہ ہوگی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 2 اکتوبر کو مکمل ہوگی۔ اس سے قبل، پاکستان کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جانے والا ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی 20 بارش کی نذر