ادویات

اب ادویات کی قیمتوں میں بھی کمی ہونی چاہئے

وفاقی حکومت نے سابق دور حکومت میں ادویات پر عائد شدہ 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس(جی ایس ٹی)ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام نے تصدیق کی ہے کہ حکومت کی جانب سے ادویات پر جنوری 2022 میں ضمنی بجٹ کے ذریعے عائد کردہ جی ایس ٹی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے۔

ادویات پر جی ایس ٹی کا خاتمہ حکومت کا احسن قدم ہے جس کے بعد ادویات کی قیمتوں میں کمی کی توقع کی جا سکتی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ دورحکومت میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے ضمنی بجٹ میں جہاں بہت سی دیگر مصنوعات پر جی ایس ٹی عائد کیا تھا وہیں ادویات اور ادویات کے خام مال پر بھی 17 فیصد جی ایس ٹی لاگو کر دیاگیا تھا۔اس فیصلے کے بعد صحت کے شعبے میں طبی آلات، دوائیوں میں استعمال ہونے والے خام مال پر بھی ٹیکس لگنے کے باعث ادویات کی قیمتوں میں اضافہ فطری امر تھا۔فارما سیوٹیکل انڈسٹری سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ تھی۔

اس پر کوئی سیلز ٹیکس لاگو نہیں تھاتاہم سابق حکومت نے ٹیکس لگانے کی یہ توجیہہ پیش کی تھی کہ اس فیصلے کا مقصد معیشت کو دستاویزی ڈھانچے میں ڈھالنا ہے اور جو ٹیکس لیا جائے گا وہ ریفنڈ یا ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ یعنی اس ٹیکس کا بوجھ فارما انڈسٹری یا صارفین پر نہیں پڑے گا۔ لیکن حکومت کے پاس واپس کرنے کا میکنزم نہیں تھا۔ اس حوالے سے کوئی رولز ہی نہیں بنائے گئے۔

مزید پڑھیں:  ضمنی انتخابات کے نتائج

ایسے میں فارما کمپنیوں نے یہ بوجھ بھی صارفین پر منتقل کیا جس کے باعث ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا تھا حکومت نے نہ صرف جی ایس ٹی ختم کیا ہے بلکہ سابق حکومت نے جو سیلز ٹیکس لیا تھا وہ بھی 15 جولائی تک ریفنڈ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سے نہ صرف ادویات کی قیمتیں نیچے آئیں گی بلکہ نئی ایل سی کھلنے کے بعد ادویات کی کمی بھی چند ماہ میں دور ہونے کی توقع ہے نیز جنوری 2022 میں سابق حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے نتیجے میں ضمنی مالیاتی بل میں ادویات ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال دو سو گرام سے زیادہ وزن کے حامل بچوں کے دودھ پر بھی17فیصد جنرل سیلز ٹیکس لاگو کر دیا تھا۔جس کے نتیجے میں ان اشیاء سمیت کھانے پینے اور دیگر اشیاء بھی مہنگی ہو گئی تھیںاور ایک بحران کی کیفیت تھی جس سے قطع نظر بھی مہنگائی میں اضافے کے سو دیگر وجوہات کاتذکرہ ہوسکتا ہے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے خاص طور پر پنشنرز اور معمر افراد سخت متاثر ہو رہے تھے اور ان کے اہل خاندان پرادویات کی قیمتوں میں اضافے کا الگ سے بھاری بوجھ آن پڑا تھا حکومت کی جانب سے جی ایس ٹی کے خاتمے کے بعد ادویات کی قیمتوں میں کمی آنی چاہئے اس امر کی خاص طور پر نگرانی ہونی چاہئے کہ حکومتی ریلیف کے اثرات سے ادویات کی قیمتوں میں کمی آئے اور حالات کے باعث جن ضروری ادویات کی پیداوار میں کمی آنے سے مریض مشکلات کا شکار تھے ان کا خاتمہ ہو۔

مزید پڑھیں:  کیا بابے تعینات کرنے سے مسائل حل ہوجائیں گے