گورنرنامزد

مولانافضل الرحمان کے چھوٹے بھائی کوگورنرنامزدکرنے کی اطلاعات

پشاور(نیوزرپورٹر)خیبر پختونخوا میں گورنرکے عہدے کیلئے مولانا فضل الرحمن کے چھوٹے بھائی کو نامزد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ضیا الرحمن گورنر کے عہدے کیلئے سرکاری ملازمت سے مستعفی ہوں گے جس کے بعد وزیراعظم کی سفارشات صدر مملکت کو ارسال کی جائےں گی ۔ جے یو آئی کے قریبی ذرائع نے نامزدگی کی تصدیق کردی ہے تاہم پارٹی کے صوبائی امیر اور صوبائی ترجمان کی جانب سے اس حوالے سے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر کا عہدہ اپریل سے خالی پڑا ہے ۔ پی ڈی ایم کے تقسیم اقتدار کے فارمولا کے تحت یہ عہدہ جے یو آئی کے حصے میں آیا ہے اس سلسلے میں پارلیمانی سیاست کیلئے حاجی غلام علی اور سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی نے یہ عہدہ لینے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد اے این پی نے اپنے امیدوار میاں افتخار حسین کیلئے لابنگ کا آغاز کیا لیکن جے یو آئی کے انکار سے اے این پی کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا گیا ۔

مزید پڑھیں:  ویسٹ انڈیز کیخلاف کھلاڑی پلان کے مطابق نہ کھیل سکے، ہیڈ کوچ

جمعرات کے روز خیبر پختونخوا میں ایک نجی ٹی وی نے مولانا فضل الرحمن کے چھوٹے بھائی ضیاالرحمن کو خیبر پختونخوا کے گورنر کے طور پر نامزد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ضیا الرحمن پراونشل مینجمنٹ کیڈر کے گریڈ19کے افسر ہیں انہیں2010میں پی ایم ایس کیڈر میں شامل کیا گیا تھا وہ اس ملک کے واحد صوبائی افسر ہیں جنہیں صوبائی کیڈر کے افسر ہونے کے باوجود پنجاب میں بھی ڈپٹی کمشنر کے طور پر تعیناتی کا تجربہ ہے وہ افغان کمشنریٹ کے کمشنر بھی رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آج لاہور اور کراچی کا دورہ کرینگے

بتایا جارہا ہے کہ وہ اپنی ملازمت سے مستعفی ہوں گے جس کے بعد انہیں گورنر لگانے کی منصوبہ بندی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئین پاکستان میں گورنر کی تعیناتی کے حوالے سے درج طریقہ کار کے مطابق ضیا الرحمن کی نامزدگی میں کوئی رکائوٹ نہیں اس حوالے سے جے یو آئی کے امیر مولانا عطا الرحمن نے ٹیلی فون اٹھانے کے باوجود مصروفیت کی وجہ سے کوئی بات نہیں کی جبکہ جے یو آئی کے صوبائی ترجمان جلیل جان نے بھی لاعلمی کا اظہار کیا ۔ آئین میں گورنر کی تقرری کے طریقہ کار کے مطابق ہر صوبے کے لئے ایک گورنر ہوگا جو صدر کی طرف سے وزیر اعظم کے مشورے پر مقرر کیا جائے گا۔