ایران زلزلے

ایران میں رات گئے 6.1شدت کے زلزلے سے 5افراد جاں بحق

ویب ڈیسک :جنوبی ایران میں 6.1شدت کے زلزلے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔ اس زلزلے کے بعد ملک میں 6.3شدت کے مزید دو زلزلے بھی آئے۔ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق صوبہ ہرمزگان میں ایمرجنسی مینجمنٹ کے سربراہ مہرداد حسین زادہ نے بتایا کہ زلزلے میں پانچ افراد مارے گئے جبکہ اب تک 12 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا جا چکا ہے،
ریسکیو کا کام جاری ہے اور ہم ایمرجنسی بنیادوں پر رہائش کے لیے ٹینٹ فراہم کررہے ہیں۔سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق 6.3 اور 6.1 شدت کے زلزلوں سے قبل ایک 6.1شدت کا ایک اور زلزلہ بھی آیا تھا جس سے ایرانی گاں سائے خوش بری طرح متاثر ہوا اور کئی مکان زمین بوس ہو گئے، اس کے بعد ایک درجن سے زائد آفٹر شاکس بھی آئے۔بندر لینگے کے گورنر فواد مراد زادہ نے کہا کہ تمام افراد پہلے زلزلے میں ہی ہلاک ہوئے اور بعد میں آنے والے دو زلزلوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
کیونکہ لوگ پہلے ہی خوف کے مارے اپنے گھروں میں آ گئے تھے۔ایران کی اہم جغرافیائی فالٹ لائنز پر گزرے سالوں کے دوران کئی تباہ کن زلزلے آئے ہیں اور 2003 میں صوبہ کرمان میں 6.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 31ہزار سے زائد افراد ہلاک اور شہر بام صفحہ ہستی سے مٹ گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ، امریکی پابندیوں کا خطرہ منڈلانے لگا