شاہ محمود قریشی آصف زرداری

شاہ محمود قریشی کی آصف زرداری سے ملاقات کی تردید

ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ ملاقات کی رپورٹس کو یکسر مسترد کردیا ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجا ریاض نے یہ جعلی خبر پھیلائی۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سے ملاقات کا سوچ بھی نہیں سکتے۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ وہ ملتان میں اپنے بیٹے کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور لاہور نہیں گئے تھے جہاں اتوار کے روز آصف زرداری موجود تھے۔
انہوں نے چند روز قبل ہی ایک جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں ان کی پنجاب اسمبلی کی نشست پر ناکامی کے پیچھے خود ان کی پارٹی تھیتاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔اس کے علاوہ انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں بھی شرکت نہیں کی تھی جس میں عمران خان اور پارٹی کے دیگر رہنماں نے خطاب کیا تھا۔خیال رہے کہ راجا ریاض نے ایک ٹوئٹ میں دعوی کیا تھا کہ شاہ محمود قریشی کی بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے ساتھ دو گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔
انہوں نے اپنے دعوے میں یہ بھی کہا تھا کہ آخری اطلاعات تک شاہ محمود قریشی کی معافی قبول کرلی گئی ہے اور وہ جلد پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کریں گے۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے قبل راجا ریاض سمیت پی ٹی آئی کے 2 درجن اراکین قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی حمایت اختیار کرلی تھی۔بعدازاں 10 اپریل کو 342 اراکین پر مشتمل ایوان میں 174 اراکین کی حمایت سے عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی۔جس کے نتیجے میں بننے والے اتحادی حکومت میں راجا ریاض قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بن گئے تھے۔

مزید پڑھیں:  وزیر داخلہ کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات،دہشتگردی ختم کرنےکا عزم