اسلحہ لائسنس فیس میں20ہزار روپے تک اضافہ

پشاور(نیوزرپورٹر) صوبائی حکومت نے اسلحہ لائسنس فیس میں ایک ہزار سے 20ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے.

اس سلسلے میں گذشتہ روز جاری ہونیوالے نئے شیڈول کے مطابق جاری مالی سال کے بجٹ میں تجویز کردہ نرخ کے مطابق خیبر پختونخوا کیلئے پستول یا ریوالر کی فیس پانچ سالہ تجدید کے ساتھ4ہزار سے بڑھاکر10ہزار روپے کردی گئی ہے صوبے کے اندر شاٹ گن رائفل کی فیس پانچ سالہ تجدید کے ساتھ4ہزار سے10ہزار،

آل پاکستان ریوالر یا پستول کی لائسنس فیس پانچ سالہ تجدید کے ساتھ ساڑھے9ہزار سے بڑھاکر15ہزار روپے، آل پاکستان شاٹ گن، رائفل لائسنس کی فیس پانچ سالہ تجدید کے ساتھ ساڑھے 9ہزار سے15ہزار روپے کردی گئی ہے.

مزید پڑھیں:  کوہاٹ، پنڈی روڈ پر فائرنگ سے دو افراد زخمی

محکمہ داخلہ وقبائلی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پرانی لائسنس کاپی کو کمپیوٹرائزڈ کارڈ لائسنس میں تبدیل کرنے کی فیس تین ہزار سے بڑھاکر 5ہزار روپے جبکہ آل پاکستان پرانی لائسنس کاپی کو کمپیوٹرائزڈ کارڈ میں تبدیل کرنے کی فیس بھی ساڑھے8ہزار روپے سے بڑھاکر10ہزار روپے کردی گئی ہے اعلامیہ کے مطابق فی کارتوس کی فیس20روپے سے بڑھاکر40روپے، اسلحہ تبدیلی کی فیس ایک ہزار سے بڑھاکر2ہزار روپے جبکہ222اور223 ممنوعہ بور کی لائسنس فیس میں10ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اس طرح نئی فیس40ہزار روپے ہوگی انفرادی ڈوپلی کیٹ لائسنس کی ابتدائی فیس15سو روپے اور تجدید فیس3ہزار روپے کردی گئی ہے انفرادی لائسنس کی تجدیدی فیس2ہزار روپے سالانہ اور ابتدائی فیس3ہزار روپے ہوگی.

مزید پڑھیں:  افغانستان سے پاکستان اسلحہ سمگلنگ ناکام، بھاری اسلحہ برآمد

اعلامیہ کے مطابق اسلحہ کاروبار کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کی فیس50ہزار سے بڑھاکر ایک لاکھ روپے کردی گئی ہے اس طرح لائسنس کو منتقل کرنے کی فیسوں میں بھی20ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور آئندہ سے ٹرانسفر فیس40ہزار روپے وصول کی جائے گی۔