ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں اسی لئے وہ ایسی گفتگو کر رہے ہیں، ان کی ذہنی حالت پر تشویش ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ڈھونگ رچا کر اور دھوکہ دے کر پاگل بنا ہوا ہے، یہ وہی شخص ہے جو کہتا تھا کہ مجھے ڈالر کی قیمت میں اضافے کا ٹی وی سے پتہ چلتا ہے، یہ کہتا تھا کہ میں حکومت میں آلو، پیاز، ٹماٹر کے نرخ مانیٹر کرنے نہیں آیا، کل عمران صاحب کہہ رہے تھے کہ میں بتا دوں گا کہ کس طرح حکومت آئی ہے، جب بھی ان کے خلاف کوئی ثبوت، خبر یا کرپشن کا سکینڈل آتا ہے تو انہیں بتانا یاد آ جاتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو 8 مارچ کو سائفر آیا، 28 مارچ تک اس معاملے پر خاموش اس لئے رہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یا ناکامی کا انتظار کر رہا تھا۔ عمران خان آر ٹی ایس کو بٹھا کر اور عوام کا مینڈیٹ چوری کر کے وزیراعظم بنا، چار سال اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان نے ہر نکتہ پر افراتفری پھیلانے کی کوشش کی، آتے ہی سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کرنا شروع کیا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر جھوٹے مقدمات قائم کر کے انہیں جیلوں میں ڈالا لیکن ساڑَھے تین سال میں یہ کچھ ثابت نہیں کرسکے۔
Load/Hide Comments