صدر مملکت اور وزیراعظم کی جانب سے عید الاضحٰی پر اہل وطن کو مبارکباد

ویب ڈیسک: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالاضحی کی نماز طوبیٰ مسجد میں ادا کی۔ صدر مملکت نے ملک اور امت مسلمہ کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے دعا کی۔ مسجد میں نماز کی ادائیگی کے بعد صدرمملکت لوگوں سے عید ملیں اور ان کو عید کی مبارک باد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے خواہشات کی قربانی ہے، دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ، قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیرکا حامل ہے، اللہ پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ کی عبادات ،حج اور قربانیاں قبول کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اہل وطن کو عید کی مبارک باد دی۔ لاہور میں نماز عید کی ادائیگی کے موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری قربانی کا اصل مفہوم ہے، ناداروں اور بے کسوں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کرسکتے ہیں، مہنگائی کی عالمی لہر میں ضرورت مندوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، عیدِ سعید جو ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے، کی خوشیاں مناتے اور رب العزت کے احسانات پر کلماتِ شکر ادا کرتے ہوئے جبر اور ظالمانہ تسلط کے شکار اہلِ کشمیر و فلسطین کو یاد کرتے ہوئے ان کے لئے دستِ دعا دراز کریں۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ :6 ماہ کے دوران 9ہزار مائیں شہید ہو گئیں