عمران خان کی وارننگ

دھاندلی کی کوشش کی تو عوام پھینٹی لگائیں گے،عمران خان کی وارننگ

بھکر: (مشرق نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا پروگرام بنایا ہوا ہے۔ دھاندلی کی تیاری کے ساتھ ساتھ لوگوں میں خوف پھیلا رہے ہیں، دھاندلی کی کوشش کی گئی تو بتانا چاہتا ہوں عوام پھینٹی لگائیں گے۔
بھکر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکتے۔ دریا خان سے جو بھی ایم پی اے بنتا ہے وہ ہر بار کیوں لوٹا ہو جاتا ہے۔ جب انسان کا کوئی قبلہ نہ ہو تو وہ لوٹا ہو جاتا ہے، جہاں فائدہ نظر آتا ہے لوٹے کا منہ اس طرف ہو جاتا ہے، قبلہ نہیں ہوتا تو جہاں سے پیسہ دھمکی ملتی ہے لوٹا وہیں چلا جاتا ہے، جب لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک تباہ کر دیتے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ امریکی سازش کے تحت ہم پر چوروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا ، سیاست میں 26 سال سے ان چوروں کا مقابلہ کر رہا ہوں، یہ الیکشن نہیں بلکہ جہاد ہے، یہ چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں ہم ان امریکی غلاموں کو تسلیم کریں، ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے، صحافیوں پر ایف آئی آرز کٹ رہی ہیں، مجھ پر بھی ایف آئی آرز درج ہیں، ہزاروں بھی درج ہوں اور میری جان بھی چلے جائے تو چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔ اِنھوں نے دھاندلی کا پروگرام بنارکھا ہے، دھاندلی کی تیاری کے ساتھ ساتھ لوگوں میں خوف وہراس بھی پھیلایا جارہا ہے۔ یہ جو مرضی کرلیں یہ20 میں سے ایک نشست بھی نہیں جیت سکتے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا:بیوٹی پارلرز اور شادی ہالزپر فکس ٹیکس لگانے کا فیصلہ