مراسلہ چیف جسٹس کو بھیجا گیا تھا

مراسلہ چیف جسٹس کو بھیجا گیا تھا،اُنہیں تحقیقات کرنی چاہئے تھی،عمران خان

ڈی جی خان: (مشرق نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سن کر بڑی تکلیف ہوئی۔ سپریم کورٹ نے کہا مراسلے کی کوئی تحقیقات نہیں ہوئی۔ جب مراسلہ چیف جسٹس کو بھیجا گیا تو کیا اُنہیں تحقیقات نہیں کرنی چاہئے تھی؟

عمران خان نے ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھمکی آمیز مراسلے کو کابینہ،قومی سلامتی کمیٹی اور پارلیمنٹ کے سامنے رکھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سائفر چیف جسٹس کو بھجوایا، صدرمملکت نے مراسلے کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھا۔ ہماری حکومت چلی گئی اِس سے زیادہ میں اور کیا کرسکتا تھا؟

عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب آپ نے ازخود نوٹس لے کر رات12 بجے عدالتیں کھول لیں، ایک وزیراعظم کو دھمکی دے کر ہٹادیا جاتا ہے اور کچھ نہیں ہوتا۔ ڈونلڈ لو کو کس نے پیغام دیا عمران خان کو ہٹاؤ۔ چیف جسٹس کم ازکم یہ تو معلوم کراتے کہ ڈونلڈ لو نے کس کو پیغام دیا کہ عمران خان کو ہٹاؤ۔ اگر مراسلے کی انکوائری نہ ہوئی تو آئندہ کوئی وزیراعظم امریکا کے سامنے کھڑا نہیں ہوسکےگا۔ امریکا کو شہبازشریف جیسے لوگ چاہئے، شہبازشریف تو پہلے ہی گھٹنوں پر گرا ہے کہ ہم بھکاری ہیں۔

مزید پڑھیں:  شانگلہ دہشت گردی واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس سارا ریکارڈ موجود ہے چیف الیکشن کمشنر کب کب حمزہ شہباز اور مریم نواز سے ملتے رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمیشن نے سندھ میں جو الیکشن کرایا وہ الیکشن نہیں تھا۔ اتحادی جماعت ایم کیو ایم اور جے یو آئی نے بھی سندھ الیکشن پر سوال اُٹھائے۔

مزید پڑھیں:  سینیٹ الیکشن، خیبرپختونخوا سے 7 امیدواروں نے کاغذات واپس لے لیے، الیکشن کمیشن

چیف الیکشن کمشنر یاد رکھو قوم تمہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آصف زرداری اِس ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے۔ ساری دنیا کو پتہ ہے آصف زرداری نے کراچی میں لوٹ مار کی اور کراچی کا برا حال کردیا۔ شہبازشریف تیل کی قیمتیں سستی کرنے جارہا ہے۔ آج تیل کی قیمت دنیا میں ہمارے دور سے بھی کم ہوگئی ہے، شہبازشریف اگر خادم اعلیٰ ہو تو پٹرول کی قیمت واپس150 روپے پر لاؤ۔ شہبازشریف کان کھول کر سن لو تم نے ہمیشہ امپائر کو ساتھ ملا کر میچ کھیلا ہے، اِس بار امپائر بھی ساتھ ملا لو پھر بھی میچ نہیں جیت سکتے۔ اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں ایک گیند سے تم دونوں کی وکٹیں گراؤں گا۔ تیسری وکٹ فضل الرحمان کی بھی گراؤں گا۔