17جولائی کو سازش کے ذریعے اقتدارمیں آنیوالے منہ کی کھائیں گے،عمران خان

فیصل آباد: (مشرق نیوز) پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتوار کو جان لڑائیں گے، پنجاب کا سیاسی میچ جیت کر دکھائیں گے، نوجوان دھاندلی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہیں، سازش کے ذریعے اقتدار میں آنے والے امپورٹڈ حکمرانوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 17 جولائی کو جاگی ہوئی قوم ووٹ ڈالے گی، قوم سمجھ چکی ہے ملک کیخلاف بڑی بیرونی سازش ہوئی، ملک کے غداروں نے اس سازش کو کامیاب کیا۔ دوخاندان 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے، چوروں نے اقتدار میں آتے ہی 1100 ارب کا ڈاکہ مارا، ترامیم کر کے نیب کو تقریباً ختم کردیا گیا، چوروں نے اقتدار میں آکر این آر او لیا، پہلے انہوں نے مشرف دور میں اپنی چوری معاف کرائی تھی، دس سالوں میں دو خاندانوں نے مل کر لوٹا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ گیا ہوں ان چوروں کا آخری گیند تک مقابلہ کروں گا، اِن کو قوم کا 1100 ارب ہضم نہیں کرنے دونگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کیا امریکا ہمارا خیر خواہ اور اس ملک کی بہتری چاہتا ہے؟، امریکا تابعدار حکمران چاہتا ہے، ایک فون پر مشرف نے گھٹنے ٹیک دیئے تھے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانی مارے گئے تھے، آج بھی ہمارے فوجی جوان بارڈر پر قربانیاں دے رہے ہیں، زرداری، نواز شریف آئے تو قوم نے سمجھا یہ جمہوری لیڈر ہیں، زرداری، نواز شریف دور میں امریکا نے 400 ڈرون حملے کیے، ڈرون حملوں میں خواتین، بچوں سمیت ہزاروں لوگ مارے گئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکا سمیت سب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں، بالکل یہ قوم دیکھے گی 17 جولائی کو لوٹوں کو بلے سے پھینٹا لگتے دیکھے گی، امریکا ان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرے گا، امریکا کو مجھ جیسا آزاد لیڈر پسند نہیں، امریکا بوٹ پالش کرنے والے شہباز شریف کو پسند کرتا ہے۔
عمران خان نے پیشگی الرٹ کردیا اور کہا کہ انہوں نے دھاندلی کے سارے ریکارڈ توڑنے ہیں، یہ دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتے ان کو سروے میں پتا چل گیا ہے سارے حلقوں میں تحریک انصاف جیتے گی، قوم ان کو بلے سے پھینٹا لگائے گی، نوجوانوں ایک، ایک پولنگ اسٹیشن پر پہرہ دینا ہے۔

مزید پڑھیں:  حماس حملے روکنے میں ناکامی پر اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس چیف مستعفی