راجا پاکسے مستعفی، رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے عبوری صدر بن گئے

ویب ڈیسک:راجا پاکسے کے مستعفی ہونے کے بعد وزیرِ اعظم رانیل وکرما سنگھے ملک کے عبوری صدر بن گئے۔
رانیل وکرما جمعے سے ملک کی صدارت سنبھال رہے ہیں اور اس وقت تک عبوری صدر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے جب تک پارلیمان مستعفی صدر گوتابایا راجا پکسے کی جگہ نئے صدر کا انتخاب نہیں کر لیتی۔
سری لنکا کی معیشت کے دیوالیہ ہونے پر ملک میں شروع ہونے والے احتجاج کے بعد سابق صدر گوتابایا راجا پکسے نے جمعے کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
صدر کے استعفے کے بعد مظاہرین نے دارالحکومت کولمبو میں بیشتر سرکاری عمارتوں کا قبضہ بھی چھوڑ دیا ہے۔
حکومت مخالف مظاہرین گزشتہ اختتامِ ہفتہ ایوانِ صدر کے اندر داخل ہو گئے تھے اور ملک کے اعلیٰ عہدوں پر موجود شخصیات سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
سری لنکا کی پارلیمان کے اجلاس کی کارروائی کا آغاز ممکنہ طور پر ہفتے کو ہوگا جس میں نئے صدر کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں صدر کے پاس یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ ملک کے وزیرِ اعظم کا تقرر کرے۔ بعد ازاں اس تقرر کی منظوری پارلیمان سے بھی لی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  رواں سال قرضوں کی ادائیگی کیلئے 8ہزار ارب روپے درکار ہیں،احسن اقبال