خیبرپختونخوا میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

پشاور: (مشرق نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشنگوئی کی گئی ہے کہ کل سے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارشوں سے حساس علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی آنے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ28 جولائی تک رہنے کا امکان ہے۔ اِس دوران پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہوگا، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع1700 پر دے سکتے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو دوران سفر احتیاط برتنے اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کی بھی ہدایت کردی۔

مزید پڑھیں:  غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کیلئے منصوبہ تیار ہے، نیتن یاہو