حکومت کا قبل ازوقت انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ

لاہور: (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں حکومتی اتحاد نے قبل از وقت انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ اتحادی جماعتوں کا اسمبلی کی مدت پوری کرنے کا متفقہ فیصلہ۔
اجلاس میں آصف زرداری، فضل الرحمان اور دیگر جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے، ضمنی الیکشن میں بد ترین صورتحال کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، شرکا کو صوبائی اسمبلی میں نمبر گیم پر بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، انتخابات کسی کے دباؤ پر نہیں بلکہ اتحادیوں کے فیصلے سے ہوں گے۔ اجلاس میں تمام اتحادی جماعتوں نے یہ موقف اپنایا کہ موجودہ حالات میں نئے انتخابات اتحادیوں کیلئے نقصان دہ ہوں گے، پہلے دیکھا جائے پی ٹی آئی اگلا کیا قدم اُٹھاتی ہے۔ اجلاس میں عمران خان کی اداروں پر تنقید کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں، سیاست میں اداروں کو گھسیٹنا غیرجمہوری عمل ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتیں عمران خان کے بیانیے کا بھرپور جواب دیں گی۔

مزید پڑھیں:  پاکستانی معاشی شرح نمو کا ہدف حاصل نہ ہونے کا تخمینہ