صوابی میں سیلاب

صوابی میں سیلاب سےمتاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے1 ارب روپے کا اعلان

صوابی: (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے صوابی میں سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کردیا۔ خصوصی پیکیج کے تحت صوابی میں سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے1 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے صوابی کا دورہ کیا جہاں اُنھوں نے بام خیل سمیت دیگر علاقوں میں سیلاب سے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اپنے دورے میں وزیراعلیٰ محمودخان نے سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثا میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔ سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثا میں فی کس3 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے۔ اِس موقع پر وزیراعلیٰ محمودخان نے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے مزید5 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ محمودخان نے سیلاب سے مکمل تباہ شدہ گھروں کیلئے4 لاکھ روپے فی گھر دینے کا اعلان کیا جبکہ جزوی طور پر نقصان زدہ گھروں کیلئے1 لاکھ60 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔
اِس موقع پر وزیراعلیٰ محمودخان نے سیلاب سے تباہ شدہ فصلوں کیلئے معاوضے کی رقم5 ہزار سے بڑھا کر10 ہزار روپے فی ایکڑ کرنے کا اعلان کیا جبکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کے کاموں کیلئے20 کروڑ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ محمودخان نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو نقصانات کا تخمینہ لگا کر رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائےگی، معاشی مشکلات کے باوجود حالات کا مقابلہ کریں گے۔

مزید پڑھیں:  خلا میں ایٹمی ہتھیار رکھنے سےمتلق قرارداد روس نے ویٹو کر دی