مارکیٹ میں ٹھہراؤ آگیا،اگلے ماہ سےروپے کی قدر مستحکم ہوگی،وزیرخزانہ

اسلام آباد: (مشرق نیوز) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے بیان دیا کہ ہم نے جو مشکل فیصلے کرنے تھے کرلیے، آہستہ آہستہ مارکیٹ کنٹرول میں آگئی ہے۔ آئندہ ماہ سے روپے کی قدر مستحکم ہونا شروع ہوجائےگی۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ7 ارب سے زائد کی درآمدات ہوئیں۔7 اعشاریہ5 ارب ڈالر کی درآمدات کی ادائیگیوں کی وجہ سے روپے پر دباؤ آرہا ہے، موجودہ سیاسی بحران کی وجہ سے بھی روپے پر دباؤ ہے۔ رواں ماہ درآمدات کم ہوئی ہیں، ہماری کوشش ہے درآمدات کم کرکے برآمدات بڑھائی جائیں۔
وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ڈیزل اور فرنس آئل کا2 ماہ کا ذخیرہ موجود ہے۔ اگلے دو ماہ تک ڈیزل اور فرنس آئل درآمد نہیں کریں گے۔ ہم نے جو مشکل فیصلے کرنے تھے کرلیے ہیں، مارکیٹ میں ٹھہراؤ آگیا ہے، آئندہ ماہ سے روپے کی قدر مستحکم ہونا شروع ہوجائے گی۔

مزید پڑھیں:  افغان طالبان کا خواتین کو زنا حد پر کھلے عام سنگسار کرنے کا اعلان