پشاور: (مشرق نیوز) گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کے بعد آج پشاور میں بادل جم کر برسے۔ تقریباً ایک گھنٹے کی طوفانی بارش نے گرمی کا زور تو توڑ دیا لیکن شہر میں جگہ جگہ کھڑے پانی نے شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کردیں۔
پشاور میں آج طوفانی بارش نے نکاسی آب کے بہتر انتظامات کی قلعی کھول دی۔ نکاسی آب کی ابتر صورتحال کے باعث پشاوریوں کیلئے بارانِ رحمت زحمت بن گئی۔ طوفانی بارش سے نالے اُبل پڑے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ گلبہار،ڈبگری گارڈن اور اندرون شہر جگہ جگہ پانی کھڑے ہونے سے شہریوں کا پیدل چلنا محال ہوگیا۔ عام شاہراہوں کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ اور گورنرہاؤس کے سامنے کی سڑکیں بھی ڈوب گئیں۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایک طرف نکاسی آب کی ابتر صورتحال تو دوسری طرف طوفانی بارش سے پیسکو کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ محمودخان نے کہا کہ ٹی ایم ایز، پی ڈی اے،انتظامیہ اور ریسکیو کے ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور سڑکوں،گلیوں سے بارش کا پانی نکالنے کیلئے بروقت کارروائی کی جائے۔
Load/Hide Comments