عمران خان حد میں رہیں،ہم ملک میں افراتفری نہیں چاہتے،مولانا فضل الرحمان

بنوں: (مشرق نیوز) سربراہ جے یو آئی ف اور صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں ملک میں کون سیاسی عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔ عمران خان اپنے حد میں رہیں، ہم ملک میں افراتفری نہیں چاہتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملکی بقا کیلئے عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ناگزیر تھا۔ پنجاب کے ضمنی الیکشن کے نتائج سے حیرانگی ہوئی، ہم نے2018 کے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کیخلاف ہمیشہ آواز بلند کی۔ ہم جانتے ہیں کون سیاسی عدم استحکام پیدا کررہا ہے، عمران خان اپنی حد میں رہیں۔ شہبازشریف غیرضروری شرافت دکھا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کیخلاف مالم جبہ، بی آرٹی، بلین ٹری سونامی جیسے بہت سارے کیسز موجود ہیں، رانا ثناءاللہ کو حرکت میں لانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہا کہ عمران خان کی دوبارہ اقتدار میں آنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیوں موخر کیا جارہا ہے، فارن فنڈنگ کیس کے ڈر سے عمران خان چیف الیکشن کمشنر پر مستعفی ہونے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ملک کو مشاورت کےساتھ چلانا ہے، ہم اپنی رائے دیتے رہیں گے۔ ہم اداروں کو طاقتور اور معزز دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم ملک میں افراتفری ہیں پھیلانا چاہتے۔ اسپیکر اور صدرمملکت آئین شکنی کے مرتکب ہوئے اُن کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

مزید پڑھیں:  محمود عباس کی اقوام متحدہ میں فلسطینی رکنیت ویٹو کرنے کی مذمت