نور الحسن کو بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹر نور الحسن کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا ہے، نور الحسن زمبابوے کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کرینگے، سیریز ہرارے میں کھیلی جائیگی، نور الحسن کو محمود اللہ کی جگہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے، محمود اللہ 2019 سے ٹیم کی قیادت کر رہے تھے مگر خراب کارکردگی کی وجہ سے جمعہ کے روز بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ان سے ملاقات کرنے کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا ہے، ٹیم کی قیادت تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم میں بھی تبدیلیاں کی ہیں، سینئر کھلاڑی محمود اللہ، مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن کو سیریز کیلئے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے، مشفیق الرحیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران بھی فریضہ حج کی ادائیگی کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں تھے، سلیکٹرز نے پرویز حسین ایمان، مہدی حسن میراز، نجم الحسن شانتو اور حسن محمود کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

مزید پڑھیں:  تیسرا ٹی 20: نیوزی لینڈکا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ