عمران خان سپریم کورٹ کے فیصلے کو مانیں دھمکی نہ دیں، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے معتلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کریں دھمکی نہ دیں ان کی دھمکی سے آئین اور قانون نہیں بدلا جا سکتا۔
فواد چوہدری کے بیان پہ ردِ عمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ چودھری شجاعت صاحب نے اپنے ممبران کو وہ ہی ہدایات جاری کیں جو عمران خان نے جاری کی تھیں، حمزہ شہباز سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے نتیجے میں وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ، سپریم کورٹ نے اسپیکر کو پارٹی ہیڈ کی ہدایت کی روشنی میں ووٹ مسترد کرنے کا اختیار دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ رولنگ عمران صاحب کے حق میں ہو تو آئینی اور حمزہ شہباز کے حق میں تو غیر آئینی، عمران صاحب آپ کا جھوٹ فساد اور منافقت ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔ آئین کے ساتھ کھلواڑ اور آئین کی تشریح عمران خان کی دھونس دھمکی اور گالی سے نہیں ہو سکتی۔ پارلیمنٹ آئین سے بنی ہے، آئین کے اختیار سے چلتی ہے، 10 ووٹ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مسترد ہوئے ہیں۔ کہ ملک چار سال ترقی نہیں ملک چار سال دیوالیہ ہو رہا تھا، ملک چار سال لوٹا جا رہا تھا، ملک کے روزگار پہ چار سال ڈاکا ڈالا جا رہا تھا۔

مزید پڑھیں:  ملکی معاشی استحکام کیلئے سب کو ایک ہونا ہوگا، شہباز شریف