حکمران اتحاد کا وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر چیف جسٹس سے فُل کورٹ بنچ بنانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک: حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے دائر درخواستوں پر فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا۔
مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں پر مشتمل حکمران اتحاد نے مشترکہ متفقہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے میں چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ بینچ کرے، سپریم کورٹ بار کی نظرثانی درخواست، موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے کیونکہ یہ بہت اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات ہیں۔ عمران خان بار بار سیاست میں انتشار پیدا کر رہے ہیں، عمران خان کے انتشار کا مقصد احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئین نے مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں اختیارات کی واضح لکیر کھینچی ہوئی ہے، ایک متکبر آئین شکن فسطائیت کا پیکر اختیارات کی لکیر کو مٹانےکی کوشش کر رہا ہے۔ عمران خان آئین پاکستان، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری نظام کو بھی معیشت کی طرح دیوالیہ کرانا چاہتے ہیں، عمران خان کی سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کے لیے دیمک بن چکا ہے۔
مشترکہ متفقہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ‎حکمران اتحادی آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہر فورم اور ہر میدان میں تمام اتحادی جماعتیں مل کر آگے بڑھیں گی اور فسطائیت کے سیاہ اندھیروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔

مزید پڑھیں:  سعودی معاون وزیر دفاع کا دورہ پاکستان، آرمی چیف سے ملاقات شیڈول