دنیائے کرکٹ نے بہت کم سٹائلش بیٹرز پیدا کئے ہیں اور ان میں سے ایک کا نام ظہیر عباس ہے، جسے دنیا ایشین بریڈ مین کے نام سے جانتی ہے،
ظہیر عباس جو گزشتہ کچھ عرصہ سے بیمار ہیں نے بہت کم عرصہ کرکٹ کھیلی مگر جتنی بھی کھیلی ایسی یادیں چھوڑ گئے جو سب کو حیران کردیتی ہیں، 24 جولائی 1947 کو سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے ظہیر عباس نے زندگی کی 75 بہاریں دیکھ لی ہیں،
ظہیر عباس نے اپنے ٹیسٹ کرکٹ کیریئر میں مجموعی طور پر 78 ٹیسٹ میچوں کی 124 اننگز میں 11 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 44.79 کی اوسط سے 5062 رنز سکور کئے،
ان کا بہترین سکور 274 رنز رہا، ظہیر عباس نے بارہ سنچریاں اور بیس نصف سنچریاں سکور کیں، ظہیر عباس نے کھیلے گئے 62 ایک روزہ میچوں کی 60 اننگز میں 6 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 47.62 سے 2572 رنز سکور کئے ہیں، ان کا ون ڈے میچوں میں بہترین سکور 123 رنز ہے ، ظہیر عباس نے ایک روزہ میچوں میں سات سنچریاں اور تیرہ نصف سنچریاں بھی سکور کیں، ظہیر عباس نے فرسٹ کلاس میں 459 میچوں کی 768 اننگز میں 51.54 کی اوسط سے 34843 رنز سکور کئے ہیں جس میں 108 سنچریاں اور 158 نصف سنچریاں شامل ہیں، ظہیر عباس کبھی کبھار ضرورت پڑنے پر آف بریک بائولنگ بھی کراتے تھے انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں تین جبکہ ون ڈے کرکٹ میں سات وکٹیں بھی حاصل کیں۔ظہیر عباس واحد کھلاڑی بھی ہیں جنہوں نے سنچریوں کی سنچری سکور کر رکھی ہے۔