پی ڈی ایم کا اتفاق

انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، حکومت مدت پوری کرے گی، پی ڈی ایم کا اتفاق

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور الیکشن وقت پر ہوں گے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان جرائم کا مگر مچھ ہے جو نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔
پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آٹھ سال سے تاخیر کا شکار ہے اور الیکشن کمیشن نے اس پر پراسرار خاموشی کی چادر اوڑھی ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فی الفور سنایا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم نے قرار داد منظور کی ہے حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور الیکشن وقت پرہوں گے، عمران خان کاساڑھے تین سال کاگندایک سال میں صاف کرنامشکل ہے، عمران خان کے جھوٹے بیانیے کوشکست دیں گے، عمران خان نوجوانوں کوگمراہ کررہا ہے، ملکی ساکھ بچانا ہمارے لیے چیلنج ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلےسےپیداہونے والاسیاسی بحران معاشی بحران کاسبب بن رہاہے، آرٹیکل 63اے کی تشریح میں الگ الگ معیارسامنے آیا ، صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ کوبھجوایاجائےتاکہ فل کورٹ بناکرتشریح حاصل کی جاسکے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومتی سطح پر کچھ فیصلے ہوئے ہیں جو ایک دو روز میں سامنے آ رہے ہیں، یہ جرم کا مگر مچھ ہے، اس سے بڑا مجرم پاکستان کی تاریخ میں آپ کو ملے گا ہی نہیں جو اپنے آپ کو قانون سے بالا تر سمجھتا ہے.
نواز شریف
اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ لاڈلے کا 4 سالہ گند ہم پر ڈال دیا گیا، صرف ملک بچانے کے لیے حکومت میں آنا قبول کیا۔ ورنہ تو پہلے دن سے ہی حکومت میں آنے کا مخالف تھا۔
مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ہمارا فل کورٹ کا جائز مطالبہ نہیں مانا گیا، اب ہمیں نظرثانی میں جانا ہے یا خاموش رہنا ہے، فیصلہ کرنا ہو گا۔ مفاہمتی پالیسی کے بیانیے نے ہر اہم موقع پر ہمیں اب نقصان پہنچایا، عمران خان کے حمایتیوں کے خلاف سخت پالیسی اپنانا ہوگی۔ ضمنی انتخابات میں شکست کی وجوہات کی تحقیقات ہونی چاہییں، حکومت میں رہنا پارٹی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ آئندہ انتخابات کی تیاری کیلئے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے، بغیر کوئی وقت ضائع کیے عوام موبیلائز کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی کے استعفے فوری منظور کیے جائیں۔
مولانا فضل الرحمان
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب ہمیں واضح سمت کا تعین کرنا ہو گا، کھیل کے سارے کرداروں سے متعلق بھی جاننا ہو گا، الیکشن کمیشن پر پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مفاہمتی پالیسی نے شروع دن سے ہی ہمیں نقصان پہنچایا، حکومت کرنی ہے، الیکشن کروانا ہے یا کوئی اور راستہ اختیار کرنا ہے، فیصلہ کر لیں اور ڈٹ جائیں۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا میں گرچ چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان