وزیراعظم کا آرمی چیف سے رابطہ، لاپتہ آرمی ہیلی کاپٹر پراظہار تشویش

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ، آرمی ایوی ایشن کے لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز لاپتہ فوجی افسران کیلئے تشویش کا اظہار کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو گزشتہ شب سے جاری تلاش کی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے 12 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی کے 6 افسران اور جوان کی سلامتی سے متعلق اپنی تشویش اور فکرمندی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پروفیشنل اور نہایت اچھے انسان ہیں، دعاگو ہوں کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ بحفاظت ہوں،قوم وطن کے ان بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعا کرے، پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے یہ فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلیٰ مثال بن کر سامنے آئے ہیں،یہ ہے اپنے بھائیوں ،بہنوں اور بچوں کی خدمت کا وہ عظیم جذبہ جو پاکستان کی حقیقی طاقت ہے۔

مزید پڑھیں:  فوجی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی مشروط اجازت