پاکستان کا سیاسی بحران، گرینڈ ڈائیلاگ نہ ہوا تو بڑا نقصان ہوگا، آفتاب شیرپاو

ویب ڈیسک: حکومتی اتحادی اور سربراہ قومی وطن پارٹی آفتاب احمدخان شیرپاو نے پاکستان میں موجودہ سیاسی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو گرینڈ ڈائیلاگ کی تجویز دے دی۔
آفتاب احمد خان شیرپاو نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری سیاسی بحران میں گرینڈ ڈائیلاگ نہ ہوا تو بڑا نقصان ہوگا۔ آفتاب شیرپاو نے سیاسی بحران کے خاتمے کے لئے دو حل تجویز کردیئے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے، بنگلہ دیش میں حسینہ واجد اور خالدہ ضیاء ایک میز پر بیٹھ سکتی ہیں تو پاکستان میں حکومت و اپوزیشن کیوں نہیں؟
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے سیاسی تناؤ اب آخری حدوں کو چھو رہا ہے اسے نیچے لانے کی ضرورت ہے ، سیاسی حالات کے ساتھ ملکی اقتصادی حالات جس نہج پر آج پہنچ گئے ہیں وہ انتہائی تشویشناک امر ہے۔ موجودہ صورتحال کا واحد حل گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ اور میثاق معیشت ہے، بصورت دیگر حالات بگڑے تو سب کا نقصان ہوگا۔
آفتاب شیرپاو نے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف نظریات کی جماعتیں شدید اختلافات کے باوجود ملکی سلامتی کے لئے یکجا ہوتی ہیں، سیاست میں دلائل کے ساتھ لچک بھی ضروری ہے، باہمی مشاورت کے لئے سب سے بہترین فورم پارلیمنٹ ہاؤس تھا، عمران خان پہلے ہی پارلیمنٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں اگر وہ موجود رہتے تو کم از کم میثاق معیشت ہوجاتا۔
آفتاب شیرپاو نے مزید کہا کہ معیشت کا گراف عمران خان کے دور میں نیچے گیا اور اتحادی حکومت بھی اسے سنبھال نہیں پا رہی، حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج معیشت کو سنبھالنا اور ملک میں سیاسی استحکام لانا ہے، سیاسی عدم استحکام اور ڈالر کی اڑان کا براہ راست اثر ملکی معیشت کے ساتھ غریب عوام پر پڑ رہا ہے، معیشت پر سیاست بند نہیں کریں گے، ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا اگر حکمران اتحاد اور پی ٹی آئی میں سیاسی پارہ کم نہ ہوا تو بڑا نقصان ہوگا۔

مزید پڑھیں:  سعودی وفد کے دورے پر سیاست افسوسناک ہے،وزیرخارجہ