پشاور ڈکیتی

پشاور،ڈکیتی اوررہزنی کی وارداتیں،لاکھوں روپے لوٹ لئے گئے

ویب ڈیسک :پشاور رنگ روڈ پر پولیس کے بھیس میں ڈاکوئوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر5بھائیوں کے گھر کو لوٹ لیا ۔ ڈاکو 22تولے طلائی زیورات ، 14لاکھ روپے کی نقدی اور 50جوڑے کپڑے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ادھر رہزنی و چوری کی دیگر 3وارداتوں میں پولیس اہلکار سمیت 4افراد کو لوٹ لیا گیا۔ مزاحمت پررہزنوں نے فائرنگ کرکے 2شہریوں کو زخمی بھی کر دیا۔ مدعی محمد زاہد ولد فضل ہادی سکنہ اچینی پایان نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز6 مسلح ڈاکو ان کے گھر میں گھس آئے ۔ انہوں نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ملزم ان کی حراست سے فرار ہوا ہے اور اس نے آپ کے گھر میں پناہ لی ہے۔ اس دوران ڈاکوئوں نے 5بھائیوں کے کمروں میں جاکر بچوں اور بوڑھوں کے ہاتھ باندھ لئے اور خواتین کو جمع کرکے ایک کمرے میں بند کر دیا۔
ڈاکو ایک ایک بھائی کے کمرے میں گئے اور لوٹ مار کرتے رہے، ڈاکو پانچ بھائیوں کے کمروں سے مجموعی طور پر 22تولے طلائی زیورات ، 14لاکھ روپے اور 50جوڑے کپڑے سمیت کر فرار ہوگئے ۔ ادھر تھانہ شاہ پور کی حدود رنگ روڈ میں چوروں نے پولیس اہلکار محمد اعجاز کے گھر کے تالے توڑ کر15تولے طلائی زیورات اور لاکھوںروپے مالیت کا دوسرا سامان چوری کرکے فرار ہوگئے ۔ راہ زنی کی وارداتوں کے دوران مدعی وسیم ولد دوست محمد سکنہ ڈنڈو پل اپنے دوست اظہار کے ہمرا ہ گھر جا رہا تھا کہ راستے میں تھانہ انقلاب کی حدود میں موٹرسائیکل سوار مسلح رہزنوں نے اسے روک لیااور اسلحہ کی نوک پریرغمال بناکر اس سے موبائل فون چھین لیا، مزاحمت پر رہزنوں نے فائرنگ کرکے وسیم کو زخمی کر دیا ۔ باغبانان روڈ وحید آباد میں مسلح رہزنوں نے واجد سکنہ ظاہر آباد کو لوٹنے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔

مزید پڑھیں:  ججز کا تحفظ یقینی بنایا جائے، عدلیہ میں مداخلت کی مذمت کرتے ہیں، بیرسٹر گوہر