بسمہ معروف

بسمہ معروف، کرکٹ اور بیٹی ساتھ ساتھ

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے جب قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کو جوائن کیا تھا تو ان کی عمر صرف پندرہ سال تھی مگر اب وہ قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیں اور ساتھ ہی ایک بچی کی ماں بھی بن چکی ہیں، تاہم اس ذمہ داری کے باوجود بسمہ میدان میں اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہوئی ہیں، بسمہ معروف میدان سے باہر ایک ماں کی ذمہ داری بھی احسن انداز سے پوری کر رہی ہیں اور میدان کے اندر پروفیشنل کرکٹر کی ذمہ داری بھی نبھا رہی ہیں، بطور ماں بسمہ معروف کے اس کردار کو بہت سراہا جا رہا ہے اور اسے سماج کی بہتری کیلئے ایک مثال کے طور پر بھی پیش کیا جا رہا ہے، قومی ویمنز کرکٹ ٹیم اس وقت برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کرکٹ ایونٹ میں شریک ہے گو کہ اس کے دونوں ابتدائی میچوں میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم اس دوران بسمہ نے بطور کپتان اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے ایک ہزار رنز مکمل کر لئے ہیں، بسمہ ایسا کرنے والی پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی پہلی کپتان بن گئی ہیں جو ایک قابل فخر بات ہے۔

مزید پڑھیں:  کیربینز کیخلاف ناقص کارکردگی، نئی ویمنز سلیکشن کمیٹی تشکیل

بسمہ معروف نے15 سال کی عمر میں پاکستانی ٹیم میں شمولیت اختیار کی اور انہیں قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے میں زیادہ دیر نہیں لگائی۔ سالوں کے دوران، وہ ایک قابل بھروسہ بلے باز کے طور پر تیار ہوئی ہیں ۔2016 کے عالمی کپ کے بعد بسمہ معروف نے ثنا میر کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی۔
بسمہ معروف کی شاندار کارکردگی کے باعث پاکستان کو 2009 کے ورلڈ کپ میں جگہ حاصل کرنے میں مدد ملی، 1997 کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم عالمی کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔بسمہ معروف کی بیٹنگ فارم 2015-16 کے دوران شاندار رہی ، بسمہ نے بنگلہ دیش کیخلاف 92 اور نیوزی لینڈ کیخلاف 91 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، تاہم 2015 میں جنوبی افریقہ کیخلاف ان کے 99 رنز کی اننگز یادگار ہے اس اننگز کی بدولت پاکستان کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں:  ویسٹ انڈیز کیخلاف کھلاڑی پلان کے مطابق نہ کھیل سکے، ہیڈ کوچ


بسمہ معروف کے اگر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو اب تک انہوں نے 116 میچوں کی 110 اننگز میں 24 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 2365 رنز سکور کئے ہیں ان کے رنز بنانے کی اوسط 27.50 ہے ان کا بہترین سکور 70 رنز ناٹ آئوٹ ہے، بسمہ معروف ٹی ٹوئنٹی میں اب تک گیارہ نصف سنچریاں سکور کرچکی ہیں، بسمہ معروف نے اب تک 118 ون ڈے میچوں کی 115 اننگز میں 16 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 29.20 کی اوسط سے 2891 رنز سکور کئے ہیں جس میں ان کا بہترین سکور 99 رنز ہے انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں سولہ نصف سنچریاں بھی سکور کی ہیں۔بسمہ معروف جو لیگ بریک بائولنگ بھی کراتی ہیں اب تک ٹی ٹوئنٹی میں 36 اور ون ڈے میچوں میں 44 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔