ضمنی الیکشن کاشیڈول جاری

ضمنی الیکشن کاشیڈول جاری،فوری عام انتخابات کی کوششوں کوجھٹکا

ویب ڈیسک :الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے9ممبران اسمبلی کی خالی کردہ نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر کے نومبر میں عام انتخابات سے متعلق افواہوںا ور سیاسی دعووں کو دفن کردیا ہے ان حلقہ جات میں ووٹنگ 25 ستمبر کو ہوگی جس کیلئے کاغذات نامزدگی 13 اگست تک جمع کرانے کی مہلت دی گئی ہے واضح رہے کہ ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کے نتیجے میں مختلف سیاسی رہنمائوں اور سینئر صحافیوں نے اگست کے مہینے میں حکومت ختم ہونے اور نومبر میں جنرل الیکشن ہونے کا دعویٰ کیا ہے.
دوسری طرف جن9جنرل نشستوں پر استعفے قبول کئے گئے تھے ان ممبران اسمبلی کی نشستیں خالی کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کو سفارشات بھیجی گئی تھیں جس کی منظوری کے بعد اس حوالہ سے گذشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی الیکشن کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق این اے22مردان، این اے24چارسدہ، این اے31پشاور، این اے45کرم، این اے108فیصل آباد، این اے118نانکانہ صاحب، این اے237ملیر، این اے239کورنگی کراچی اور این اے246کراچی جنوبی میں ضمنی الیکشن منعقد کرائے جائیں گے.
جس کیلئے آج6اگست سے ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے جبکہ تمام کاغذی کارروائیوں کے بعد25ستمبر کو ضمنی الیکشن ہوں گے مذکورہ 9نشستوں میں سے چار نشستیں خیبر پختونخوا سے خالی ہوئی ہیں جس پر جے یو آئی اور اے این پی نے الیکشن اتحاد کیا ہے اور دیگر حکومتی جماعتیں اس تحاد میں شریک ہیں ابھی تک مذکورہ سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی بربریت جاری ،مزید 81فلسطینی شہید