سیلاب متاثرین کیلئے امدادی فنڈ

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی فنڈ قائم کردیا

ویب ڈیسک :وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی فنڈ قائم کر دیا۔دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے رقوم پرائم منسٹر ریلیف فنڈ 2022 کے اکانٹ نمبر جی-12164 میں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل وفاقی حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی اور وزیراعظم نے وزراتِ خزانہ کو فوری طور پر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 5 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔اس سلسلے میں وزیر اعظم نے کہا کہ جس طرح اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کر کے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی.
آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام باالخصوص مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب کی تباہی کے شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں نے سیلاب کی صورت میں قیامت صغری برپا کی ہے، بلوچستان میں غیر معمولی تباہی ہوئی ہے، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی بے تحاشہ نقصانات ہوئے ہیں ،حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود سیلاب متاثرین کے لیے فوری طور پر 5 ارب روپے جاری کر دیے ہیں۔
انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ مشکلات میں گھرے ان پاکستانیوں کو دوبارہ آباد کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں، سیلاب متاثرہ بھائیوں بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جاسکے۔

مزید پڑھیں:  آپریشن رجیم میں سعودی عرب کا کردار نہیں تھا، عمران خان