مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی’فارن ایڈڈ پارٹی’ ڈیکلیئر ہو چکی پراسیس ہونا باقی ہے، مریم اورنگزیب

الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کرچکا اب پراسیس ہونا باقی ہے، فیصلے کے مطابق عمران خان مجرم قرار پا چکے ہیں، آئندہ چند روز میں کارروائی ہو جائے گی

ویب ڈیسک:وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں وزیراعظم نے کل سیلابی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی، آج صوبوں کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے صوبوں میں سیلابی علاقوں کو ‘آفت زدہ’ قرار دیں تاکہ ریلیف کی سرگرمیاں زیادہ متحرک ہو سکیں۔

مریم اورنگزیب نے فوجی افسران کی شہادت پر ٹرولنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہیلی کاپٹر کریش کا ایک ایسا واقعہ ہوا جس میں افواج پاکستان کے افسران شہید ہوئے، وہ سیلاب زدگان اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے، اس حوالے سے ایک جماعت جس کا مائنڈ سیٹ ہی ‘ٹرولنگ’ ہے، اس کی جانب سے فوجی افسران کی شہادتوں پر بھی ٹرولنگ کی گئی، میں اس کی شدید مذمت کرتی ہوں، یہ شرم ناک اور افسوس ناک رویہ ہے، یہ رویہ ایک مائنڈ سیٹ جس کا نام عمران خان ہے، جس کے حکم پر ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آج پہلا ٹاکرا ہوگا

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان غیرملکی ایجنٹ ہیں، جنہیں الیکشن کمیشن نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی سیاسی جماعت اورکسی جماعت کے سربراہ کو پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت غیر ملکی فنڈ سے چلنے والی جماعت ڈیکلیئر کیا ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے سی پیک کو روکنے کی کوشش کی، یہ وہ اہداف تھے جن کی عمران خان نے فارن فنڈرز کے ساتھ کمٹمنٹ کر رکھی تھی، عمران خان نے ملک کے اندر سول نافرمانی کی کال دی، آج بھی ان کا یہی رویہ ہے۔

مزید پڑھیں:  ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنا ہوگا، صدر مملکت

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کو جب وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا تو اس وقت ملک کی ترقی کی شرح 6 فیصد تھی، ملک میں سی پیک کے تحت منصوبے چل رہے تھے، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو رہا تھا، لوگوں کو روزگار مل رہا تھا، ملک کو سفارتی سطح پر کامیابیاں مل رہی تھیں، نواز شریف کو اس وقت ملک سے نکال کر بلنڈر کیا گیا۔