خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن

خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن صدر سید محمد ظاہر شاہ کیلئے  خط تحسین

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر و سینیئر کانگریس ممبر سید محمد ظاہر شاہ کی قومی کھیل کی ترویج و ترقی اور کھلاڑیوں کی بہبود کے لئے مثالی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پی ایچ ایف ہیڈ کواٹرز لاہور میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں سینیئر کانگریس ممبر پاکستان ہاکی فیڈریشن سید محمد ظاہر شاہ کو سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے پی ایچ ایف کی جانب سے خط تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر 1984 لاس اینجلس اولمپکس گولڈ میڈلسٹ اولمپین توقیر ڈار اور سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کرنل ر آصف ناز کھوکھر بھی موجود تھے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سید محمد ظاہر شاہ کے اعزاز میں پیش کئے گئے سپاس نامہ میں انکی قومی کھیل میں خدمات، کھلاڑیوں کی بہبود اور قومی کھیل کی ترویج و ترقی کے حوالہ سے سرانجام دی گئی خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر اولمپین توقیرڈار نے سید ظاہر شاہ کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ظاہر شاہ کی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں، انہوں نے صوبائی سطح پر پاکستان کی پہلی پروفیشنل لیگ کرائی جہاں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملا وہاں انکو معاشی طور پر سود مند مواقع فراہم کئے۔

مزید پڑھیں:  بابر اعظم کو ایک بار پھر کپتان قومی ٹیم بنائے جانے کا امکان

سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے اس موقع پر کہا کہ سید محمد ظاہر شاہ نے انقلابی اقدامات سے قومی کھیل کی خدمات سرانجام دیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن انکی خدمات کے صلہ میں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کرنل ر آصف ناز کھوکھر نے کہا کہ سید محمد ظاہر شاہ ایک محنتی اور باصلاحیت سپورٹس آرگنائزر ہیں۔ انکی قومی کھیل کے لئے خدمات کی طویل فہرست ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

سینیئر کانگریس ممبر و ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف سید محمد ظاہر شاہ نے پی ایچ ایف کی جانب سے خط تحسین ملنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بطور سپورٹس آرگنائزر میں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے بے شمار صدور اور سیکرٹریز کے ساتھ کام کیا ۔ 40 سال کا طویل عرصہ خدمات میں گذارنے کے باوجود کسی نے بھی ان خدمات کی اس انداز میں توثیق نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف سید حیدر حسین کا خاص طور پر مشکور ہوں کہ انہوں نے عزت افزائی فرمائی۔
سید محمد ظاہر شاہ کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اور صدر کے عہدہ پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بطور ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ سید محمد ظاہر شاہ نے صوبہ خیبر پختونخواہ سے قومی سینیئر و جونیئر ہاکی ٹیموں کو باصلاحیت کھلاڑی دیئے اس کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل آفیشلز اور ایمپائرز بھی دیئے جنہوں نے انٹرنیشنل سطح پر اپنا لوہا منوایا۔

مزید پڑھیں:  سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے ڈراز کا اعلان