امریکا سے دوستی چاہتا ہوں،غلامی ہرگز نہیں،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان نے کہا ہے کہ غلام قوم کبھی اوپر نہیں آسکتی، میں اینٹی امریکا نہیں ہوں، میں امریکا سے دوستی چاہتا ہوں غلامی ہرگز نہیں
ویب ڈیسک: نیشنل ہاکی اسٹیٹڈیم لاہور میں ’حقیقی آزادی‘ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ میں امریکا اور برطانیہ کو زیادہ تر پاکستانیوں سے بہتر جانتا ہوں، میں کسی ملک کا دشمن نہیں، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں لیکن غلامی ہرگز قبول نہیں کر سکتا۔
عمران خان نے کہا کہ امریکا کی نفسیات ہے اگر ان کے پاؤں میں گرتے ہیں تو آپ کو استعمال کریں گے، غلامی انسان کی عزت نفس ختم کردیتی ہے، ہم نے لاکھوں قربانیاں دے کر آزاد ملک حاصل کیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہوتے کون ہیں پوچھنے والے کہ روس کیوں گیا، کیا میں ان کا غلام ہوں، میں اپنے لوگوں کے فائدے کے لیے روس گیا تھا، میں چاہتا تھا کہ روس سے سستے داموں 20 لاکھ ٹن گندم خریدیں۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت جب آئی تو روسیوں سے سستا تیل خریدنے کی بات کرچکے تھے، میں اپنی قوم کو اکٹھا کروں گا اور قوم کے قرضے اتاریں گے لیکن ہمارے حکمران امریکا کے پیروں میں لیٹے ہوئے ہیں، ان میں اتنی جرات نہیں تھی کہ کہتے یہ ہمارے عوام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس حکومت کو گھر نہیں بھیجتے اور الیکشن نہیں ہوتے، امپورٹڈ حکومت کو فارغ کرنے کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ عزت پیسے سے نہیں خریدی جاسکتی، موت سے ڈرنے والا شخص کوئی بڑا کام نہیں کر سکتا، میرے مخالفین 26 برس سے میری کردار کشی کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو مقروض کرنے کا ذمہ دار کون ہے، 30 برس سے دوخاندان اس ملک پر حکومت کررہے تھے، اب یہ کہتے ہیں کہ امریکا کی غلامی نہ کی توہم مر جائیں گے۔
عمران خان نے کہا جب میں وزیراعظم تھا تو رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی تاکہ نئی نسل مغربی تہذیب کے غلام نہ بن جائے، جب تک ان کو اپنی تاریخ اور دین کا پتہ نہیں چلے گا تو مغربی تہذیب ان پر چھائی رہے گی.
عمران خان کا کہنا تھا کہ مغرب کے لوگ جب آپ ان کی چمچہ گیری کریں گے تو وہ آپ کی عزت نہیں کرتے لیکن اگر اپنے ملک کے مفادات کے لیے کھڑے ہوں گے تو ان کو اچھا نہیں لگے گا تاہم وہ آپ کی عزت ضرور کریں گے.

مزید پڑھیں:  5کروڑ تاوان کی غرض سے اغوا ڈاکٹر یوسف بازیاب، ملزمان گرفتار