خلوص دل سے ایک بار پھر میثاق معیشت کی پیش کش کررہا ہوں، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر میثاق معیشت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج محض ایک مبارکباد کافی نہیں ہوگی ہم ہر سال دھوم دھام سے یوم آزادی مناتے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ ہم 75 برس میں اصل مقصد کو اپنانے میں ناکام رہے ہیں

یوم آزادی کی مناسبت سے وزیراعظم شہباز شریف کا قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ لاکھوں مسلمانوں کے لہو سے لکھی گئی داستان کا نام پاکستان ہے، وطن عزیز کے 75 ویں یوم آزادی پر میں تحریک آزادی کے جانثاروں کو خراج عقیدت، اور پوری دنیا میں آباد ہر پاکستانی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہ ہر سال بڑی دھوم دھام سے یوم آزادی، یوم پاکستان، یوم قائد اور یوم علامہ اقبال منایا جاتا ہے، حقیقت یہ ہے کہ پچھلے 75 برسوں میں ہم نے ان دونوں کو محض منایا ہے مگر ان کے اصل مقاصد کو اپنایا نہیں ہے، پاکستان کو ایسا نہیں بنایا جسے دیکھ کر ہمارا دل خود یہ گواہی دے کہ قائد اور لاکھوں شہدا کی روحیں مطمئن اور آسودہ ہیں.
انہوں نے کہا کہ میں نے بطور اپوزیشن لیڈر میثاق معیشت کی پیش کش کی تھی اور آج بطور وزیراعظم پھر میثاق معیشت کی پیش کش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ اب ہم بحیثیت قوم درست سمت میں سفر شروع کریں، یوم آزادی کے موقع پر میرا دل مسرور بھی ہے اور بے چین بھی، ہم ان بحرانوں سے کیوں دوچار ہوئے جس میں سب سے بڑھ کر معاشی بحران ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج قوم کو تقسیم در تقسیم کرنے کی کوشش جاری ہے، انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، اس قوم نے ہولناک زلزلے اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کیا اسی قوم نے کھیل کے میدانوں میں پوری دنیا میں اپنا سر فخر سے بلند کیا اور اس قوم نے مل کر دہشت گردی کو شکست دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعمیر پاکستان کے اس مشن کو ہماری قومی و سیاسی قیادت نے آگے بڑھایا، وسائل نہ ہونے کے باوجود ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں ایٹمی پروگرام شروع کیا گیا، ہماری قوم ہر مقصد کو حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں:  سونا مزید مہنگا، 24 قراط سونے کی قیمت 2 لاکھ 29 ہزار سے متجاوز