شجرکاری مہم

شجرکاری مہم کا افتتاح،پونے چار لاکھ پودے لگائے جائیں گے

ویب ڈیسک :وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پیر کے روز مون سون شجرکاری مہم2022 کا باضابطہ اجراء کر دیا ہے مہم کے تحت صوبہ بھر میںتین کروڑ75لاکھ پودے لگائے جائینگے ۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعلیٰ ہائوس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزراء اشتیاق ارمڑ،تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور فیصل امین گنڈا پور کے علاوہ سیکرٹری جنگلات و ماحولیات عابد مجید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ کو مون سون مہم کے تحت شجرکاری سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہم کے تحت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر تین کروڑ 75لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔مزید بتایاگیا کہ مہم کے دوران سنٹرل سائوتھ ریجن I بشمول ضم اضلاع میں ایک کروڑ 96 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ ناردرن فارسٹ ریجن II میں 89 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔اسی طرح ملاکنڈ فارسٹ ریجن III میں 90 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔یہ پودے محکمہ جنگلات ، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں ، سرکاری محکموں اور دیگر سرکاری اور نجی اداروں کی مدد سے لگائے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ رواں سال موسم بہار شجرکاری مہم کے تحت 8کروڑ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں اور ان پودوںکے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ درخت اور نباتات روئے زمین پر قدرت کا ایک انمول تحفہ ہیں اور ان کا تحفظ اور فروغ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔

مزید پڑھیں:  دہشت گردی واقعات حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش ہے،گورنر غلام علی

انہوں نے کہاکہ صوبے میں جنگلات کا تحفظ اورشجرکاری کا فروغ شروع دن سے ہی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل رہا ہے ۔ بڑھتی ہوئی آبادی او ر ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کیلئے جنگلات کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تبدیلیوں سے پید ا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھانے کا کریڈٹ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کودکھانےسےپہلےتحریکِ لبیک سےمعاہدہ طےہوا، احسن اقبال

اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت صوبے میں ایک ارب پودے لگانے کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ عمران خان کے دور حکومت میں قومی سطح پر ٹین بلین ٹری منصوبہ شروع کیا گیا جس کے تحت خیبرپختونخوا میں مزید ایک ارب پودے لگانے کا ہدف پورا ہونے والا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ وہ منصوبہ ہے جسے نہ صرف قومی سطح پر سراہا گیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی خو ب پذیرائی ملی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ مون سون شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اس سلسلے میں حکومت کی کوشش کارآمد ثابت ہو ۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس مقصد کیلئے محکمہ جنگلات اور شہری ترقیاتی ادارے مل کر لائحہ عمل تیار کریں ۔