پرائیویٹ ملازمین

پرائیویٹ ملازمین کی کم ازکم اجرت26ہزارکرنے کی منظوری

ویب ڈیسک :صوبائی کابینہ کا 79واں اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعدکابینہ کے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی پرائس کمیٹی کے پرائیویٹ ممبر مختیار خان آف عشیرئی درہ ضلع اپر دیر کی بطور پرائیویٹ ممبر پرائس کمیٹی کیلئے نامزد گی میں عرصہ دو سال توسیع کی منظوری دے دی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اپر چترال کے علاقے بشقار کے 89374 ہیکٹر جنگل کو حیاتیاتی ریزرو علاقہ قرار دینے کی بھی منظوری دی.

جس سے قیمتی جنگلی حیات جن میں برفانی چیتے، ہمالیہ بھورا ریچھ، ہمالیہ خرگوش، سرخ لومڑی وغیرہ کے تحفظ و افزائش میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ضلع بونیر ڈگر کے علاقے شاہی نگر غُور کے 161 ہیکٹر فارسٹ ایریا کو کمیونٹی گیم ریزرو قرار دینے کی منظوری دے دی اس اقدام سے جنگلی حیات بشمول سیاہ تیتر، چکور، خرگوش وغیرہ کے تحفظ و افزائش میں مدد ملے گی۔ صوبائی کابینہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میںغیر سرکاری اور انڈسٹریل ورکرز کی کم سے کم اجرت 25000سے بڑھا کر 26000کرنے کا معاملہ ویج بورڈ کو بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔

مزید پڑھیں:  امریکہ کی نظریں پاک ایران تجارتی معاہدوں پر جم گئیں، پابندیوں کا خطرہ

واضح رہے کہ اس سے قبل صوبائی حکومت نے کم سے کم اُجرت 21000 سے بڑھا کر 25000 کی تھی تاہم وزیر اعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ورکرزکیلئے اس میں مزید اضافہ کر کے 26000 روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ نے فیکٹریز رولز 2022 کی منظوری بھی دی۔کابینہ نے خیبر پختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی حیثیت سے منظور احمد کی نامزدگی واپس لیتے ہوئے انرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ کو کمپنی کے لئے نئے چیف ایگزکٹیو آفیسر کی تقرری کے لئے ازسرنو اشتہار جاری کرنے کی اجازت دیدی۔ صوبائی کابینہ نے کاسٹ پروڈکشن کمیٹی کی جانب سے سروے کے بعد گندم کے سپورٹ پرائس (امدادی قیمت) 2200 روپے فی 40 کلوگرام سے بڑھا کر 20222023کی فصل کیلئے 2600 روپے فی 40کلوگرام کرنے کی سفارشات وفاقی وزارت فوڈ سیکورٹی اور ریسرچ کو بھیجنے کی منظوری دیدی۔

مزید پڑھیں:  اصل دہشت گرد کچے کے ڈاکو کو اسلحہ فراہم کرنے والے ہیں، بیرسٹر سیف

صوبائی کابینہ نے ڈالر کی قیمت میں اضافے ، روپے کی قدر میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر مارکیٹ ریٹ سسٹم میں اضافے کی بھی منظوری دی ۔اسی طرح کابینہ نے رواں سال ستمبر کے مہینے میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور صوبائی پبلک سروس کمیشن میں سی ایس ایس اور پی ایم ایس امتحانات بیک وقت ایک ہی تاریخوں میں ہونے کی وجہ سے امیدواروں کی مشکلات کے ازالے کیلئے معاملہ صوبائی پبلک سروس کمیشن کو بھجوانے اور تاریخوں میں کم از کم وقفہ دینے کا فیصلہ کیا تاکہ صوبے کے امیدواروں کودونوں امتحانات میں بیٹھنے کا موقع مل سکے۔

کابینہ نے ورکنگ وویمن ہاسٹل حیات آباد کی جگہ دارالامان کرائسز سنٹر قائم کرنے، ڈسٹرکٹ گورننس اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے ملازمین کی مستقلی،خیبر پختونخوا مائنز رولز 2022ء اورمہمند ڈیم کی سیکورٹی فنسنگ کیلئے107ایکٹر اراضی کی فراہمی کی بھی منظوری دیدی۔