مشرقیات

صاحب وطن عزیز میں اچھے لوگوں کی بھی کمی نہیں ہے ہم بذات خود ایسے کئی بندوںکو جانتے ہیں جو اگرنہ ہوتے تو ہمارے محلے کے بہت سے غریب غرباء کے بجلی بلوں کی وجہ سے دماغی حالت خراب بلکہ خانہ تک خراب ہونے کا امکان تھا،ان میں سے ایک اچھے بندے نے پہلے تو خود کنڈا ڈال کر اپنے بجلی بل سے جان چھڑائی بلکہ یا رلوگ کہتے ہیں کہ سرے سے میٹر لگانے کی زحمت ہی نہیں کہ اور اچھائی کا آغازاپنی ذات سے شروع کردیا ۔اس کے بعدانہوںنے آس پاس کے پڑوس کے صاحب ثروت لوگوں کے کام آکر ان کے بھلے کا سوچا اور وطن عزیز کو کنارے لگا کر انہیں بھی مفت بجلی کی سہولت فراہم کر دی ،یہ صاحب ثروت اب ماہانہ اس نیک روح کو” بجلی بل ”ادا کرکے پیسکو کے بلوں سے کب کے جان چھڑا چکے ہیں ۔جب دیگر لوگوںنے بھی اس نیک کام کا سنا اور ہزاروں روپے ماہانہ فائدے کو دیکھا تو وہ بھی اس فرشتے کے پیچھے خود ہی پڑ گئے کہ آں جناب ان کی بھی مدد کر کے” ثواب ”کمائیں ۔چونکہ اچھائی کے علاوہ موصوف میں کوئی اور صفت نہیں تھی اسی لیے اسی اچھائی یعنی نیکی کی عادت کو انہوں نے ذریعہ روزگار بنانے کا سوچا اورغریب غرباء کے گھروں کو بھی ایک ماہانہ رقم کے عوض بجلی مہیا کردی جس کے بعد میٹر اتنے سلو چلنے لگے کہ پیسکوکے بھاری بلوں کی ساری شکایت ختم ہو گئی اب اللہ کے اس نیک بندے کی وجہ سے سب ہنسی خوشی بجلی چوری کر رہے ہیں ۔یہ مت بھولئے گا کہ ان کی نیکی سے پیسکو اہلکار غافل بیٹھے ہیں بلکہ یہ نیکی کا کام بغیران کے تعاون کے ممکن ہی نہیں تھا۔دوسری طرف لوگوں کا بھلا سوچ کر اس نیک بندے کو اپنی نیکی مزید کیش کرنے کی سوجھی تو وہ سیاست میںاتر پڑے ،ناکام یہاں بھی وہ کبھی نہیںہوئے جتنے ووٹ انہیں پڑتے ہیںاس سے اندازہ ہو جاتاہے کہ ان کے نیک کاموںکا چرچا کہاں کہاں تک پہنچ چکا ہے ۔تو جناب ایسے ہی اچھے لوگوں کی وجہ سے یہ ملک اس حال کو پہنچا ہے کہ بجلی ہوتی ہے نہ گیس اس پر بھی اچھائی کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔مسلہ یہ ہے کہ ایک آدھ علاقے میں یہ اچھے لوگ ہوتے تو زیادہ بڑی بات نہیں تھی تاہم ملک بھر میں اس قسم کے اچھے لوگوں کی کمی نہیں ہے اور ایسے ہی ان سے تعاون کرنے والے اداروں میں بھی اچھائی کا حکم کراور برائی سے روکنے والوں کا قحط نہیں ہے ۔تالی دونوں ہاتھوں سے بج رہی ہے تاہم اس نیکی کے کام میں ملک کا بیڑہ غرق ہو رہا ہے بلکہ ہوچکاہے اب اس سلسلے کو روک دینا چاہیے ۔لوگ تو نادان ہیں ہماری ممدوح نیک روح کے جھانسے میںآجاتے ہیں سرکار نے ایسی نیک روحوں کو کیوں بھرتی کر رکھا ہے جو قانون کو ایک طرف رکھ کر اپنے اور دوسروں کے فائدے کی غیر قانونی راہیں تلاش کرکے فرشتے بنے بیٹھے ہیں۔

مزید پڑھیں:  تزئین و آرائش بعد میں ،پہلے شہر بچائو