خیبر پختونخوا میں ایک ہی تعلیمی بورڈ بنانے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا میں ایک ہی تعلیمی بورڈ بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک : صوبائی حکومت نے تعلیم کی بہتری اور بہتر نتائج کیلئے تمام تعلیمی بورڈز کو یکجا کرکے خیبر پختونخوا ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ایجوکیشن کی سربراہی میں ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ہے اور ٹرمز آف ریفرنس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

گروپ کو تین ماہ کے اندر سفارشات تیار کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے مشرق کو بتایا ہے کہ میٹرک کے حالیہ نتائج سے حکومت مطمئن نہیں اس لئے اصلاحات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماضی قریب میں صوبہ میں صرف تین تعلیمی بورڈز قائم تھے جس میں زیادہ سے زیادہ سات سو نمبرات کے ساتھ طلبہ پوزیشن لے رہے تھے لیکن جوں جوں تعلیمی بورڈز میں اضافہ ہوا تو اس سے نجی سکولز کے درمیان زیادہ نمبرز لینے کی ایک دوڑ شروع ہوگئی جس کی وجہ سے صوبہ میں نظام تعلیم صرف میٹرک کے نمبرز تک محدود ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں:  امریکی یونیورسٹی میں اسرائیل مخالف احتجاج پر 100سے زائد طلباگرفتار

ذرائع نے بتایا کہ اس صورتحال پر صوبائی حکومت کو تشویش ہے۔ اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام تعلیمی بورڈز کو ایک بورڈ کی چھتری کے نیچے لاکر ایک ہی جگہ پر پرچہ کی تیاری اور مارکنگ کا انتظام کیا جائے اس مقصد کیلئے سیکرٹری ایجوکیشن معتصم بااللہ، سپیشل سیکرٹری وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ عادل سعید صافی، چیئر مین فیڈرل ایجوکیشن بورڈ اسلام آباد قیصر عالم، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، چیئر مین پشاور تعلیمی بورڈ نصر اللہ خان، چیئر مین ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ محمد شفیق، کوہاٹ تعلیمی بورڈ کی چیئر پرسن ثمینہ الطاف، پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول ہاتھیان عالمگیر خان، سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ذوالفقار اور ڈپٹی سیکرٹری بورڈز اینڈ ٹریننگ لال سعید خٹک پر مشتمل ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تمام تعلیمی بورڈ ز کو ایک بورڈ کے تحت کرنے کیلئے لیگل فریم ورک، سٹاف، مالیاتی نظام، ملازمتی امور اور امتحانات کے انعقاد کیلئے سفارشات تیار کرنے کیلئے90روز کی مہلت دی گئی ہے ۔ ورکنگ گروپ کو پرچہ کی تیاری، مارکنگ کا معیاری نظام، پرچہ کی تقسیم اور واپسی، نتائج کا اعلان، ڈی ایم سی اور سرٹیفکیٹ کیلئے بھی لائحہ عمل تجویز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر، شفیع نامی قیدی کی جیل میں خودکشی

ذرائع نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں آٹھوں تعلیمی بورڈز کو خیبر پختونخوا ایجوکیشن بورڈ کے ماتحت کر دیا جائے گا۔ جس کے بعد چیئر مین کی جگہ پر بورڈ کا منیجر تعینات کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی اور متعلقہ بورڈز کو علاقائی دفاتر میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک دوسرا ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو اضلاع کی سطح پر کم از کم ایک ماڈل سکول کی نشاندہی کرے گا۔